نئی دہلی
سپریم کورٹ نے منگل کے روز کہا کہ کسی مذہبی ادارے کے انتظام کا حق یہ معنی نہیں رکھتا کہ اس کے کام کاج کے لیے کوئی ڈھانچہ موجود نہ ہو، اور انتظام کے حوالے سے افراتفری کی صورتحال ہرگز قابلِ قبول نہیں ہو سکتی۔عدالت نے کہا کہ ایسی مذہبی اداروں کے لیے ایک منظم نظام اور واضح قواعد و ضوابط ہونا ضروری ہے۔
نو ججوں پر مشتمل آئینی بنچ نے یہ ریمارکس کیرالہ کے شبرملہ مندر سمیت مختلف مذہبی مقامات پر خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک اور مذہبی آزادی کے دائرہ کار سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے دوران دیے۔بنچ میں چیف جسٹس سوریہ کانت کے ساتھ جسٹس بی وی ناگراتنا، جسٹس ایم ایم سندریش، جسٹس احسان الدین امان اللہ، جسٹس اروند کمار، جسٹس آگسٹین جارج مسیح، جسٹس پرسنّا بی ورالے، جسٹس آر مہادیون اور جسٹس جوی مالیا باگچی شامل ہیں۔
حضرت خواجہ نظام الدین اولیاء کی درگاہ سے متعلق چشتی نظامی روایت کے نمائندہ پیرزادہ سید التمش نظامی کی جانب سے پیش ہوئے وکیل نظام پاشا نے کہا کہ درگاہ وہ مقام ہوتا ہے جہاں کسی بزرگ کو دفن کیا گیا ہو۔
انہوں نے کہا کہ اسلام میں وفات کے بعد اولیاء کی حیثیت کے بارے میں مختلف آراء پائی جاتی ہیں، لیکن صوفی عقیدہ نظام میں اس مقام کے ساتھ گہری عقیدت ہوتی ہے جہاں کسی بزرگ کو سپردِ خاک کیا گیا ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان میں صوفی روایت کے تحت چشتیہ، قادریہ، نقشبندیہ اور سہروردیہ جیسی کئی اہم سلسلے شامل ہیں۔ موجودہ معاملہ چشتیہ سلسلے سے متعلق ہے۔ میرا کہنا ہے کہ یہ ایک واضح مذہبی فرقہ ہے۔ اگر حضرت نظام الدین اولیاء کی تعلیمات کو دیکھا جائے تو ان میں روزہ، نماز، حج، زکوٰۃ اور سب سے بڑھ کر عقیدت جیسی اسلامی روایات پر زور دیا گیا ہے۔
پاشا نے دلیل دی کہ کسی مذہبی ادارے میں داخلے کو منظم کرنا انتظامیہ کے اختیارات میں شامل ہے۔اس پر جسٹس امان اللہ نے کہا کہ انتظام کا حق ڈھانچے کے بغیر نہیں ہو سکتا اور ہر چیز کے لیے ایک باقاعدہ نظام ہونا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ افراتفری نہیں ہو سکتی۔ چاہے درگاہ ہو یا مندر، ہر ادارے کے اپنے عناصر ہوتے ہیں، مذہبی رسومات کا ایک طریقہ ہوتا ہے اور کام انجام دینے کا ایک سلسلہ ہوتا ہے۔ کسی نہ کسی کو اسے منظم کرنا ہوگا۔"
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ممکن نہیں کہ ہر شخص کہے کہ وہ اپنی مرضی کرے گا یا دروازے ہر وقت بغیر کسی نظم و ضبط کے کھلے رہیں۔ اس لیے سوال یہ ہے کہ انتظامی ادارہ کون ہے۔ اسی جگہ تحفظ کا معاملہ آتا ہے، کیونکہ ضابطہ ضروری ہے، لیکن یہ آئینی حدود کی خلاف ورزی نہیں کر سکتا اور وسیع آئینی اصولوں کے تحت امتیاز نہیں ہونا چاہیے۔جسٹس امان اللہ نے کہا کہ ہر ادارے کے لیے اصول و ضوابط ہونا لازمی ہے اور یہ ہر فرد اپنی مرضی سے طے نہیں کر سکتا۔
اس معاملے کی سماعت جاری ہے۔
اس سے قبل بھی سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ کسی مذہبی فرقے کی کسی روایت کو ضروری یا غیر ضروری قرار دینے کے لیے معیار طے کرنا عدالتی فورم کے لیے نہایت مشکل، اگر ناممکن نہیں، تو ضرور ہے۔ستمبر 2018 میں پانچ ججوں کی آئینی بنچ نے چار کے مقابلے ایک کی اکثریت سے فیصلہ دیتے ہوئے شبرملہ اییاپا مندر میں 10 سے 50 سال کی خواتین کے داخلے پر پابندی کو ختم کر دیا تھا اور صدیوں پرانی اس ہندو مذہبی روایت کو غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دیا تھا۔