پٹنہ/ آواز دی وائس
پٹنہ میں دو بچوں کے قتل کے ملزمان کی گرفتاری کے مطالبے کو لے کر کیے گئے احتجاج کے دوران پیر کی شام بھیڑ پرتشدد ہو گئی، جس میں ایک خاتون کانسٹیبل سمیت کم از کم پانچ پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ ایک افسر نے یہ اطلاع دی۔ بھیڑ نے دو پولیس گاڑیوں کو آگ لگا دی اور پتھراؤ بھی کیا۔
افسر نے بتایا کہ پولیس نے تشدد میں شامل ہونے کے الزام میں کم از کم 10 لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ اندرا پوری علاقے میں 15 اگست کو ایک کار سے دو بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔ ملزمان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے مظاہرین احتجاج کر رہے تھے۔
پٹنہ (وسط) کی پولیس سپرنٹنڈنٹ دیکشا نے کہا كہ یہ واقعہ پیر کی شام اس وقت پیش آیا جب مقامی لوگوں کے ایک گروپ نے 15 اگست کو ہوئے دو بچوں کے قتل کے ملزمان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ٹریفک کو روک دیا۔ جب پولیس وہاں پہنچی تو بھیڑ پرتشدد ہو گئی اور پولیس کی گاڑیوں کو نقصان پہنچانا شروع کر دیا۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیا اور دو گاڑیوں کو آگ کے حوالے کر دیا۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ نے کہا كہ بھیڑ نے میرے ساتھ اور دیگر پولیس اہلکاروں کے ساتھ مارپیٹ کی۔ انہوں نے بتایا کہ تشدد کے الزام میں دس لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر مزید گرفتاریاں کی جائیں گی۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ نے کہا كہ دونوں بچوں کے قتل کے معاملے میں ملزمان کو بہت جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔