ایس آئی آر پر ہنگامہ: الیکشن کمیشن کا 3 لاکھ ووٹرز کو نوٹس جاری

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 29-08-2025
ایس آئی آر پر ہنگامہ: الیکشن کمیشن کا 3 لاکھ ووٹرز کو نوٹس جاری
ایس آئی آر پر ہنگامہ: الیکشن کمیشن کا 3 لاکھ ووٹرز کو نوٹس جاری

 



پٹنہ/ آواز دی وائس
بہار انتخابات میں ایس آئی آر  کو لے کر تنازعہ کی صورت بنی ہوئی ہے۔ تمام اپوزیشن پارٹیاں انتخابی کمیشن کی اس مہم کے خلاف مضبوطی سے کھڑی ہیں۔ اس درمیان اب تین لاکھ ووٹروں کو انتخابی کمیشن کا نوٹس بھیجا گیا ہے۔ نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ ان کے کچھ دستاویزات میں یا تو گڑبڑی ہے یا پھر انہوں نے کچھ کاغذات دیے ہی نہیں ہیں۔ ان ووٹروں کو سات دن کا وقت دیا گیا ہے اور مقررہ مدت میں جواب دینا لازمی ہوگا۔
انتخابی کمیشن نے کن ووٹروں کو نوٹس دیا؟
اتوار کو انتخابی کمیشن نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اب تک 98.2 فیصد ووٹروں نے اپنے دستاویز جمع کرائے ہیں۔ لیکن اس دوران ای آر او نے اطلاع دی ہے کہ کچھ ایسے ووٹر سامنے آئے ہیں جنہوں نے یا تو کوئی دستاویز جمع نہیں کیے یا پھر غلط کاغذات پیش کیے ہیں۔ ان لوگوں کو بھی نوٹس دیا گیا ہے جن کی شہریت پر سوال اٹھ رہے ہیں۔
جن ووٹروں کو نوٹس ملا، ان کا کیا ہوگا؟
نوٹس میں درج ہے کہ آپ کے ذریعہ پیش کردہ کاغذات کی جانچ کے دوران یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ان میں تضادات ہیں، جس کی وجہ سے اس اسمبلی حلقہ میں ووٹر کے طور پر رجسٹرڈ ہونے کے آپ کے حق پر معقول شبہ پیدا ہوتا ہے۔ تاہم فی الحال انتخابی کمیشن نے صاف کر دیا ہے کہ بغیر سوال جواب یا وضاحت کے کسی بھی ووٹر کا نام فہرست سے نہیں کاٹا جائے گا، سب کو پورا موقع دیا جائے گا۔
۔65 لاکھ ووٹروں کے نام کیوں کاٹے گئے؟
انتخابی کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق ایس آئی آر عمل کے تحت 24 جون کو 7.89 کروڑ رجسٹرڈ ووٹر تھے، جنہیں 25 جولائی تک ضروری کاغذات جمع کرانے تھے۔ کمیشن کے مطابق انہیں 7.24 کروڑ فارم ملے جبکہ 65 لاکھ ووٹروں کے نام ہٹا دیے گئے جو یا تو فوت ہو چکے تھے یا پھر اپنی جگہ چھوڑ کر کہیں اور جا بسے تھے۔
انتخابی کمیشن بہار میں ایس آئی آر کیوں کروا رہا ہے؟
بہار انتخابات سے پہلے انتخابی کمیشن نے ایس آئی آر عمل کو نہایت ضروری مانا ہے۔ مسلسل کہا جا رہا ہے کہ آخری بار ریاست میں اتنی وسیع کارروائی 2003 میں ہوئی تھی۔ اس بار کمیشن نے ایک فارم تیار کیا ہے۔ جو بھی ووٹر 1 جنوری 2003 کی ووٹر لسٹ میں شامل تھے، انہیں صرف اینومریشن فارم یعنی گنتی فارم بھرنا ہوگا، ان سے کوئی ثبوت نہیں مانگا جائے گا۔ لیکن جو لوگ یکم جولائی 1987 سے 2 دسمبر 2004 کے درمیان پیدا ہوئے ہیں، انہیں اپنی تاریخِ پیدائش، جائے پیدائش اور اپنے والدین میں سے کسی ایک کی تاریخِ پیدائش اور جائے پیدائش کا ثبوت دینا لازمی ہوگا۔