نئی دہلی/ آواز دی وائس
بہار میں ووٹر لسٹ کے ایس آئی آر سمیت مختلف معاملات پر اپوزیشن ممبران کے ہنگامے کے باعث منگل کو راجیہ سبھا کی کارروائی شروع ہونے کے کچھ ہی دیر بعد دوپہر 2 بجے تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ ہنگامے کی وجہ سے ایوانِ بالا میں آج بھی زیرو آور اور سوال جواب کا وقت نہیں ہو سکا۔
کارروائی شروع ہوتے ہی نائب چیئرمین ہری ونش نے ضروری دستاویزات ایوان کے سامنے رکھوائے۔ اس کے بعد انہوں نے بتایا کہ انہیں ایوان کا مقررہ کام ملتوی کر چار موضوعات پر بحث کرانے کے لیے قانون 267 کے تحت 20 نوٹس موصول ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان میں سے کوئی بھی نوٹس قواعد کے مطابق موزوں نہیں پایا گیا، لہٰذا انہیں مسترد کر دیا گیا۔ اس پر اپوزیشن اراکین نے سخت اعتراض کیا اور ہنگامہ شروع کر دیا۔ کچھ رکن اپنی نشستوں سے اٹھ کر آگے بھی آ گئے۔
نائب چیئرمین نے ممبران سے اپیل کی کہ وہ خاموش رہیں اور زیرو آور چلنے دیں۔ انہوں نے بی جے پی کے کَناد پورکایستھ سے کہا کہ زیرو آور کے تحت اپنا مدعا پیش کریں۔ پورکایستھ نے سلچر ہوائی اڈے سے متعلق مسئلہ اٹھایا اور اپنی بات شروع کی، مگر شور شرابے کے سبب ان کی بات سنی نہ جا سکی۔
ہری ونش نے احتجاج کر رہے ممبران سے اپیل کی کہ وہ اپنی نشستوں پر واپس جائیں اور کارروائی چلنے دیں۔ انہوں نے کہا كہ براہ کرم زیرو آور چلنے دیں۔ زیرو آور اور سوال جواب کا وقت اراکین کے لیے بہت اہم ہیں کیونکہ اسی میں وہ اپنے مسائل اٹھاتے ہیں اور سوال پوچھتے ہیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کی شروعات 21 جولائی سے ہی ایوان میں کانگریس سمیت اپوزیشن جماعتوں کے اراکین بہار میں ایس آئی آر کے مسئلے پر بحث کا مطالبہ کر رہے ہیں اور ان کے ہنگامے کی وجہ سے اس اجلاس کے دوران راجیہ سبھا میں ایک بار بھی زیرو آور اور سوال جواب کا وقت نہیں چل سکا ہے۔