آر ایس ایس گیت تنازعہ: ڈی کے شیوکمار نے معافی مانگ لی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 26-08-2025
آر ایس ایس گیت تنازعہ: ڈی کے شیوکمار نے معافی مانگ لی
آر ایس ایس گیت تنازعہ: ڈی کے شیوکمار نے معافی مانگ لی

 



بنگلور: آر ایس ایس کا دعائیہ گیت پڑھنے کے بعد پارٹی کے اندرونی حلقوں میں تنقید کا سامنا کر رہے کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے منگل کے روز کہا کہ اگر اسمبلی میں تنظیم کا گیت پڑھنے سے کسی کے جذبات مجروح ہوئے ہیں تو وہ معافی چاہتے ہیں۔ انہوں نے دوٹوک کہا کہ وہ کانگریسی ہیں اور مرتے دم تک کانگریسی ہی رہیں گے۔

شیوکمار، جو کرناٹک میں کانگریس کے ریاستی صدر بھی ہیں، نے حال ہی میں اسمبلی کے اندر راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کا دعائیہ گیت پڑھ کر سب کو حیرت میں ڈال دیا تھا۔ شیوکمار نے کہا: اگر کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے تو میں معذرت خواہ ہوں۔ پارٹی ہائی کمان کی جانب سے کسی نے بھی اس معاملے پر مجھ سے کوئی سوال نہیں کیا۔

انہوں نے وضاحت دی کہ انہوں نے اسمبلی میں کسی خاص تناظر میں اس کا ذکر کیا تھا۔ بنگلور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیوکمار نے کہا: میں کسی سے بڑا نہیں ہوں، میری زندگی سب کو طاقت دینے کے لیے وقف ہے۔ میں ہمیشہ دوسروں کے دکھ درد میں ان کے ساتھ کھڑا رہا ہوں، اور آج بھی ان کے ساتھ ہوں۔ ایک وفادار کانگریسی ہونے کے ناطے میں کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا نہیں چاہتا۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ میں معافی مانگوں، تو ہاں، میں اس کے لیے تیار ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس اور 'انڈیا' اتحاد کے دیگر کئی سیاسی ساتھیوں کو شاید ان کے اس عمل سے دکھ پہنچا ہو۔ شیوکمار نے کہا:اگر آپ کو لگتا ہے کہ میں نے کوئی غلطی کی ہے – حالانکہ میں سمجھتا ہوں کہ میں نے غلطی نہیں کی تب بھی میں معافی مانگنے کو تیار ہوں۔

قابل ذکر ہے کہ شیوکمار نے چنّاسوامی اسٹیڈیم میں 4 جون کو ہونے والی بھگدڑ پر 21 اگست کو اسمبلی میں بحث کے دوران آر ایس ایس کے گیت "نمستے سدا ونتس لے ماتر بھومے..." کی چند سطریں پڑھیں تھیں۔ جب انہوں نے یہ گیت پڑھا تو بی جے پی ارکان نے اسمبلی میں میزیں بجا کر ان کا خیرمقدم کیا۔

کانگریس اور گاندھی خاندان کے ساتھ اپنی وفاداری کا اعادہ کرتے ہوئے شیوکمار نے کہا: کانگریس پارٹی اور گاندھی خاندان کے ساتھ میری وفاداری پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ میں پیدائشی کانگریسی ہوں، اور مرتے دم تک کانگریسی ہی رہوں گا۔

ادھر، سینئر کانگریس رہنما بی کے ہری پرساد نے پیر کے روز حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا شیوکمار نے اسمبلی میں آر ایس ایس کا گیت پڑھ کر کسی کو متاثر کرنے کی کوشش کی ہے؟ انہوں نے کہا: ہمیں بطور نائب وزیر اعلیٰ شیوکمار کے دعا پڑھنے پر اعتراض نہیں، کیونکہ حکومت سب کی ہوتی ہے، آر ایس ایس سمیت۔ لیکن اگر انہوں نے یہ بات بطور کانگریس صدر کہی ہے، تو پھر انہیں معافی مانگنی ہو گی۔