آر ایس ایس کی چینی کمیونسٹ پارٹی کے وفد سے ملاقات

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 14-01-2026
آر ایس ایس کی چینی کمیونسٹ پارٹی کے وفد سے ملاقات
آر ایس ایس کی چینی کمیونسٹ پارٹی کے وفد سے ملاقات

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
چین کی کمیونسٹ پارٹی کے ایک وفد نے پیر کے روز دہلی میں بی جے پی قیادت کے ساتھ بات چیت کی تھی۔ اس کے ایک دن بعد منگل کو اس وفد نے دہلی میں واقع راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے ہیڈکوارٹر میں آر ایس ایس کے سینئر رہنماؤں سے ملاقات کی، جس کے بعد کانگریس اور برسراقتدار جماعت کے درمیان سیاسی ٹکراؤ شروع ہو گیا ہے۔
کانگریس نے بی جے پی پر منافقت کا الزام لگاتے ہوئے اس ملاقات کو “خود سپردگی” قرار دیا۔ وہیں بی جے پی نے کہا کہ یہ بات چیت بین الجماعتی رابطوں کو آگے بڑھانے پر مرکوز تھی، جبکہ آر ایس ایس نے اس دورے کو محض ایک شائستہ ملاقات بتایا۔ آر ایس ایس کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ یہ ایک شائستہ ملاقات تھی۔ درخواست ان کی جانب سے آئی تھی اور ہم نے اسے قبول کر لیا۔ ملاقات کا کوئی طے شدہ ایجنڈا نہیں تھا۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت سفر پر ہونے کی وجہ سے اس ملاقات میں موجود نہیں تھے۔
چینی وفد کی آر ایس ایس رہنماؤں سے ملاقات
ذرائع کے مطابق، چینی وفد نے آر ایس ایس کے جنرل سیکریٹری دتاتریہ ہوسبلے اور ان کی ٹیم کے ساتھ تقریباً ایک گھنٹے تک بات چیت کی۔ پیر کو سی پی سی وفد اور بی جے پی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں جماعتوں کے درمیان باہمی مکالمے کو فروغ دینے پر توجہ دی گئی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق، آر ایس ایس سے قریبی روابط رکھنے والے بی جے پی رہنما بھی اس گفتگو میں شامل تھے۔ آر ایس ایس کے ایک عہدیدار نے کہا کہ وہ تنظیم اور اس کے کام کاج کے بارے میں جاننے کے خواہشمند تھے۔ ہم نے انہیں اپنے سو سالہ سفر، سماج میں انجام دیے گئے کاموں اور اپنے نظریے کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔
بی جے پی رہنماؤں نے پیر کی ملاقات کی تصدیق سوشل میڈیا پر بھی کی۔ ایک پوسٹ میں بی جے پی کے قومی سیکریٹری ارون سنگھ نے کہا کہ چین کی کمیونسٹ پارٹی (آئی ڈی سی پی سی) کے بین الاقوامی شعبے کی نائب وزیر محترمہ سن ہائیان نے آج بی جے پی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔ ملاقات کے دوران ہم نے بی جے پی اور سی پی سی کے درمیان رابطے اور مکالمے کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا۔
کانگریس کا بی جے پی پر حملہ
دوسری جانب، کانگریس نے اس معاملے پر بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ منگل کو اے آئی سی سی کے شعبۂ خارجہ امور کے سربراہ سلمان خورشید کی سن ہائیان کی قیادت والے سی پی سی وفد سے ملاقات کے بعد، کانگریس نے بی جے پی پر منافقت کا الزام عائد کیا۔ ایک پریس کانفرنس میں کانگریس رہنما پون کھیڑا نے اس ملاقات کو کمزور خود سپردگی قرار دیا۔
پون کھیڑا نے بیان میں کہا کہ خود سپردگی۔۔۔ یہی بی جے پی کی چین کے تئیں پالیسی کے لیے سب سے موزوں لفظ ہے۔ چین کے ساتھ رویے میں مودی حکومت کی منافقت نے ہندوستان کی خارجہ پالیسی کو الجھا دیا ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی کے ‘لال آنکھ’ کے دعوے سی پی سی کے لیے ‘لال سلام’ میں بدل گئے ہیں۔ اس کے ثبوت کے طور پر انہوں نے گلوان تصادم، آپریشن سندور کے دوران پاکستان کو چین کی حمایت، اور چینی ایپس و فنڈنگ میں مبینہ بے ضابطگیوں کا حوالہ دیا۔ پون کھیڑا نے مزید کہا کہ بی جے پی کو سی پی سی ارکان اور چینی عہدیداروں سے ملاقات پر کانگریس سے سوال کرنے کی عادت ہے، لیکن اصل سوال یہ ہونا چاہیے کہ چینی عہدیداروں اور سی پی سی کے ساتھ ان کی اپنی ملاقاتوں میں حقیقت میں کیا ہوا؟
بی جے پی کا کانگریس کے الزامات پر جواب
بی جے پی کے قومی ترجمان توہین سنہا نے کہا کہ یہ ملاقاتیں ہندوستان اور چین کے درمیان بہتر ہوتے تعلقات کی عکاس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باضابطہ ملاقاتیں تب ہوتی ہیں جب حالات بہتر ہوتے ہیں، اور یہ بھی ایسی ہی ایک رسمی ملاقات تھی۔ ہمارے لوگوں کا موازنہ راہل گاندھی سے نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے جو کچھ کیا ہے، اس کے بعد انہیں ہماری خارجہ پالیسی پر سوال اٹھانے کا کوئی حق نہیں ہے۔