گوہاٹی: راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) نے کانگریس صدر ملیکارجن کھڑگے کے خلاف آسام میں ایک انتخابی ریلی کے دوران تنظیم اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا موازنہ ’’زہریلے سانپ‘‘ سے کرنے پر ریاست کے دو تھانوں میں شکایت درج کرائی ہے۔
آر ایس ایس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جنوبی آسام میں حال ہی میں منعقدہ ایک انتخابی ریلی کے دوران مبینہ طور پر ’’توہین آمیز، اشتعال انگیز اور فرقہ وارانہ طور پر حساس بیانات‘‘ دیے جانے کے معاملے میں قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے شکایات درج کی گئی ہیں۔
شکایات میں آر ایس ایس نے الزام لگایا ہے کہ کانگریس صدر نے شری بھومی ضلع کے کریم گنج جنوبی اسمبلی حلقے کے نیلم بازار میں ایک انتخابی ریلی کے دوران متنازعہ بیان دیا تھا۔ شکایت کے مطابق کھڑگے کے حوالے سے کہا گیا ہے، ’’اگر نماز پڑھتے وقت آپ کے سامنے کوئی زہریلا سانپ رینگ رہا ہو، تو آپ کو نماز روک کر فوراً اسے مار دینا چاہیے — قرآن میں یہی حکم دیا گیا ہے۔ میں آپ کو بتاتا ہوں کہ آر ایس ایس اور بی جے پی اسی زہریلے سانپ کی طرح ہیں۔‘‘
آر ایس ایس نے شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے بیانات ’’اشتعال انگیز نوعیت کے ہیں اور آر ایس ایس اور بی جے پی کے کارکنوں اور حامیوں کے خلاف دشمنی، دھمکی اور تشدد کو ہوا دے سکتے ہیں‘‘۔ شکایات میں کہا گیا ہے کہ یہ بیان عوامی نمائندگی ایکٹ 1951 کی دفعہ 83 کے تحت ’’بدعنوان انتخابی طرز عمل‘‘ کے زمرے میں آتا ہے اور ان تبصروں نے عوام کو مجرمانہ طور پر خوفزدہ کیا اور مختلف سیاسی و سماجی گروہوں کے حامیوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دیا۔
شکایت میں مزید کہا گیا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی کے نظریات کو ’’زہریلا‘‘ قرار دینا اور ان کے خاتمے کی بات کرنا ’’ان تنظیموں کے اراکین اور حامیوں کو جسمانی نقصان پہنچانے کے لیے اکسا‘‘ سکتا ہے۔ آر ایس ایس نے کہا کہ کھڑگے کے بیانات ہندو اور مسلم برادریوں کے درمیان فرقہ وارانہ تقسیم کو بڑھانے کی کوشش ہیں، جس سے آسام میں امن و امان اور ہم آہنگی متاثر ہو سکتی ہے اور انتخابی ماحول خراب ہو سکتا ہے۔
شکایت کنندگان نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اگر حکام نے فوری طور پر ان بیانات پر توجہ نہ دی تو اس سے فرقہ وارانہ کشیدگی یا جھڑپیں پیدا ہو سکتی ہیں۔ آر ایس ایس کے شمالی آسام کے سیکریٹری کھگین ساکیا نے ڈسپُر تھانے میں جبکہ جنوبی آسام کے سیکریٹری جیوتسنموئے چکرورتی نے سلچر تھانے میں شکایات درج کرائیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے بھی منگل کے روز انہی الزامات کے تحت بسِشٹھا تھانے اور الیکشن کمیشن میں شکایت درج کرائی تھی۔