موہن بھاگوت نے بتایا کہ امریکہ کے ذہن میں کیا خوف ہے؟

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 12-09-2025
موہن بھاگوت نے بتایا کہ امریکہ کے ذہن میں کیا خوف ہے؟
موہن بھاگوت نے بتایا کہ امریکہ کے ذہن میں کیا خوف ہے؟

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
راشٹریہ سویم سیوک سنگھ یعنی آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے ہندوستان پر لگائے گئے ٹیرف بم پر اپنا ردِعمل دیا ہے۔ ناگپور میں ایک پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے موہن بھاگوت نے امریکہ کا نام لیے بغیر کہا کہ ہندوستان پر اس لیے ٹیرف لگایا گیا ہے کیونکہ اس کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ سے ڈر لگ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے اندر یہ خوف رہتا ہے کہ اگر دوسرا بڑا ہو جائے تو میرا کیا ہوگا، میری جگہ کہاں رہے گی، اس لیے ٹیرف لگا دو۔
امریکہ پر بغیر نام لیے نشانہ
موہن بھاگوت نے جمعہ کو کہا کہ انسان اور ممالک تب تک مسائل کا سامنا کرتے رہیں گے جب تک وہ اپنی اصل فطرت کو نہیں سمجھتے۔ ناگپور میں برہما کماریز وِشو شانتی سروور کی ساتویں سالگرہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے بھاگوت نے کہا کہ خواتین کی قیادت والے روحانی تحریک برہما کماریز کی طرح آر ایس ایس بھی اندرونی شعور کو جگانے کے لیے کام کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک انسان اور ملک اپنی حقیقت نہیں سمجھیں گے، انہیں مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اگر ہم کرُونا (رحم) دکھائیں اور خوف پر قابو پائیں، تو ہمارا کوئی دشمن نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں لوگ ڈرتے ہیں کہ اگر دوسرا بڑا ہو جائے تو میرا کیا ہوگا۔ ہندوستان بڑا ہوگا تو ہماری جگہ کہاں رہے گی۔ اس لیے ٹیرف نافذ کرو۔ ہم نے تو کچھ کیا ہی نہیں تھا، جس نے کیا تھا اُسے تو خوش کر رہے ہو تاکہ وہ ساتھ رہے اور ہندوستان پر دباؤ بنا رہے۔ ایسا کیوں ہے؟ آپ سات سمندر پار رہتے ہو، کوئی تعلق بھی نہیں، پھر بھی ڈر لگتا ہے۔
آر ایس ایس سربراہ نے کہا کہ اگر انسان اپنا رویہ "میں" سے "ہم" میں بدل لے تو تمام مسائل حل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سارا مسئلہ میں اور میرا کے چکر میں ہوا ہے۔ جب تم سمجھ جاؤ گے کہ میں اور میرا نہیں، ہم اور ہمارا ہے، تب ساری مشکلات ختم ہو جائیں گی۔ آج دنیا کو حل چاہیے۔