سری نگر: راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) نے تنظیم کے بارے میں پھیلی ہوئی “غلط فہمیوں” کو دور کرنے کے مقصد سے جمعہ کو کشمیر سے کنیا کماری تک ’دھوج یاترا‘ کا آغاز کیا۔
یاترا کی علامتی شروعات تاریخی لال چوک سے کی گئی اور اس کا اختتام ٹورسٹ رِسپشن سینٹر پر ہوا، جہاں سے شرکا نے ملک کے دیگر حصوں کے سفر کے لیے گاڑیوں میں روانگی اختیار کی۔ یاترا میں شامل شرکا میں سے ویر کپور نے کہا، اس یاترا کا مقصد اس غلط فہمی کو دور کرنا ہے کہ آر ایس ایس کسی خاص طبقے کے خلاف ہے۔
ہم اُن لوگوں تک اصل تاریخ بھی پہنچانا چاہتے ہیں جنہیں اب تک مسخ شدہ تاریخ ہی بتائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کے 100 برس مکمل ہونے اور تنظیم کی جانب سے انجام دیے گئے کاموں کے جشن کے طور پر ’شَتک‘ کے نام سے ایک فلم بنائی گئی ہے، جو 19 فروری کو ریلیز ہوگی۔