جموں وکشمیر میں 60 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا اعلان

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 25-09-2021
راجیو چندر شیکھر
راجیو چندر شیکھر

 



 

آواز دی وائس، سری نگر

مرکزی حکومت نے آئندہ دو تین برسوں میں جموں و کشمیر میں 60 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے۔ مرکزی وزیر راجیو چندر شیکھرنے ضلع بڈگام کے دورہ کے دوران اس بڑے منصوبے کا اعلان کیا۔ 

انھوں نے کہا کہ آئندہ 2 سے 3 برسوں میں جموں و کشمیر میں ترقی و خوشحالی کا نیا منظر دیکھنے کوملے گا کیوں کہ  مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر کے 60 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس سے علاقے میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

 مرکزی ویز راجیو چندرشیکھر نے آئی ٹی آئی کمپلیکس( بڈگام) میں آئی ٹی آئی اور پولی ٹیکنک طلباء کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے مشاہدہ کیا ہے اور ذاتی طور پر دیکھا ہے کہ کشمیر کے مقامی نوجوان ہنرمند ہیں اور ان میں مہارت بھی بھرپور ہے۔ البتہ انہیں حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔

مرکزی وزیر نے کہا کہ یکم اپریل 2020 سے 30 اپریل 2021 تک آئی ٹی اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں تقریباً 8 لاکھ نئی نوکریاں پیدا کی گئیں ہیں۔

انہوں نے طلبا سے کہا کہ وہ پرعزم رہیں اوراپنی سوچ کو مثبت رکھیں اور اپنے ہر خواب کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے جدوجہد کرتے رہیں۔ 

اس موقع پر پرنسپل سیکرٹری اسکل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اصغر حسن سمعون ، ڈی سی بڈگام ایس اے مرزا ، ڈائریکٹر اسکل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ، ایس ایس پی بڈگام ، پرنسپل آئی ٹی آئی بڈگام اور دیگر ضلعی افسران بھی موجود تھے۔