نئی دہلی: بھارت کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی نے سینئر بلے باز ویرات کوہلی اور روہت شرما کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں کوئی یہ بتانے کا حق نہیں کہ وہ کھیل جاری رکھ سکتے ہیں یا نہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ گھریلو سرزمین پر ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم خطرناک ثابت ہوگی۔
دھونی نے کھیلوں کے نشریاتی ادارے سے وابستہ جتین سپرو کے ساتھ ایک انٹرویو میں بھارتی کرکٹ پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریباً آدھے گھنٹے کی گفتگو کے دوران جب روہت (38 برس) اور کوہلی (37 برس) کے 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ کھیلنے کے امکان پر سوال ہوا تو دھونی نے پہلے مذاقاً کہا، "معاف کیجیے، سوال کیا ہے؟" بعد ازاں سنجیدہ انداز میں انہوں نے کہا، "کیوں نہیں؟
کوئی ورلڈ کپ کیوں نہیں کھیل سکتا؟ میرے لیے عمر کوئی معیار نہیں ہے۔ میرے لیے کارکردگی اور فٹنس ہی اصل معیار ہیں۔ میرا ماننا ہے کہ کسی کو یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ وہ کھیلے یا نہ کھیلے، لیکن یہ واضح ہونا چاہیے کہ سب کے ساتھ یکساں سلوک ہوگا۔
" انہوں نے کہا، "جب میں نے ڈیبیو کیا تھا تو میری عمر 24 سال تھی۔ کسی نے مجھے کچھ نہیں کہا، اور اب جب میں 10 یا 20 سال سے بھارت کے لیے کھیل چکا ہوں تو کسی کو آ کر میری عمر کے بارے میں بتانے کی ضرورت نہیں ہے۔" 44 سالہ دھونی اب بھی آئی پی ایل میں چنئی سپر کنگز کے لیے کھیلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں تجربے کی بہت اہمیت ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا، "چاہے وہ روہت ہوں، ویرات ہوں یا اگلے پانچ برسوں میں ابھرنے والے دوسرے کھلاڑی—وہ اگلا ورلڈ کپ کھیل سکتے ہیں یا نہیں، یہ فیصلہ ہمارا کام نہیں ہے، یہ ان کا کام ہے۔ اگر وہ اچھا کھیلتے رہتے ہیں اور ملک کے لیے بہتر کارکردگی دکھانے کی خواہش رکھتے ہیں تو پھر وہ کیوں نہیں کھیل سکتے؟"
دھونی نے کہا، "آپ کو تجربہ کار کھلاڑی آسانی سے نہیں ملتے۔ 20 سال کی عمر میں کوئی تجربہ کار کھلاڑی نہیں ہو سکتا، جب تک وہ سچن تینڈولکر جیسا نہ ہو۔ اس عمر میں تجربہ تب ہی ملتا ہے جب کوئی 16 یا 17 سال کی عمر میں کھیلنا شروع کرے۔" انہوں نے مزید کہا کہ کسی کھلاڑی کو اس وقت تک تجربہ کار نہیں کہا جا سکتا جب تک اس نے طویل عرصے تک دباؤ میں کھیلنے کا سامنا نہ کیا ہو۔
دھونی کے مطابق، "اگر آپ 20–25 میچز کو تجربہ کہہ رہے ہیں تو وہ تجربہ نہیں ہے۔ دباؤ میں کھیلنا بہت اہم ہوتا ہے۔ مجھے یہ سیکھنے کے لیے 80–85 میچ کھیلنے پڑے کہ ذہن کو کیسے قابو میں رکھنا ہے، جذبات کو کیسے کنٹرول کرنا ہے اور دباؤ میں بہتر کارکردگی کیسے دکھانی ہے۔ اسی لیے میں سمجھتا ہوں کہ نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا درست امتزاج بے حد ضروری ہے۔"
بھارت کے موجودہ ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے صرف ون ڈے کھیلنے والے روہت اور کوہلی کے مستقبل پر کوئی واضح بیان نہیں دیا ہے۔ اس پر دھونی نے کہا کہ جو بھی کھلاڑی فٹ رہ کر اچھا کھیل سکتا ہے، اسے عمر سے قطع نظر ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے کا حق ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا، "سب کے ساتھ یکساں سلوک ضروری ہے۔ جو اچھا کھیل رہا ہے وہ ٹیم میں ہوگا، جو اچھا نہیں کھیل رہا اسے جگہ نہیں ملے گی۔ اگر کوئی کھلاڑی فٹ نہیں ہے تو آپ اسے کسی بھی وقت باہر کر سکتے ہیں۔" انہوں نے مزید کہا، "اسی لیے انتخاب کے معاملے میں کسی کھلاڑی پر سوال نہیں ہونا چاہیے۔ صرف ایک ہی معیار ہونا چاہیے—اگر آپ اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں اور فٹ ہیں تو کھیلتے رہیے۔" بعد میں گفتگو کا رخ 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا میں شروع ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کی جانب مڑ گیا۔
دھونی 2007 میں اس ٹورنامنٹ کو جیتنے والے پہلے بھارتی کپتان تھے۔ جب ان سے سوریہ کمار یادو کی قیادت والی موجودہ ٹیم کی امکانات کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ سال کے اس حصے میں اوس (ڈیو) کے اثر کو مدنظر رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا، "بھارت کی یہ ٹیم سب سے خطرناک ٹیموں میں سے ایک ہے۔ ایک اچھی ٹیم میں جو کچھ ہونا چاہیے، وہ سب اس میں موجود ہے۔ خاص طور پر اس فارمیٹ میں ان کے پاس زبردست تجربہ ہے۔
سابق کپتان نے کہا، بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں نے دباؤ میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔ البتہ ایک چیز جو مجھے پریشان کرتی ہے وہ اوس ہے۔ مجھے اوس سے نفرت ہے، کیونکہ یہ کھیل کا رخ بدل دیتی ہے اور ٹاس کو بہت اہم بنا دیتی ہے۔ جب میں کھیلتا تھا تب بھی مجھے اوس سے بہت ڈر لگتا تھا۔ دھونی نے آخر میں کہا، کسی بھی کھلاڑی کو چوٹ نہیں لگنی چاہیے۔ جو بھی کردار کھلاڑیوں کو دیا جائے، انہیں اسے بخوبی نبھانا چاہیے۔ یہ واقعی سب سے خطرناک ٹیموں میں سے ایک ہے۔