آر اے اسٹوڈیو میں 17 بچوں کو یرغمال بنانے والے روہت آریہ کی موت

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 30-10-2025
آر اے اسٹوڈیو میں 17 بچوں کو یرغمال بنانے والے روہت آریہ کی موت
آر اے اسٹوڈیو میں 17 بچوں کو یرغمال بنانے والے روہت آریہ کی موت

 



ممبئی : ممبئی کے پَوئی علاقے میں واقع آر اے اسٹوڈیو میں 17 بچوں کو یرغمال بنانے والے ملزم روہت آریہ کی پولیس کی گولی لگنے سے موت ہوگئی۔ اس سے پہلے جمعرات کو روہت نے آڈیشن کے لیے آئے بچوں کو یرغمال بنا لیا تھا۔ پولیس نے اس سے بات چیت کرنے کی کوشش کی، لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ بعد میں پولیس باتھ روم کے راستے اندر داخل ہوئی اور تمام بچوں کو بحفاظت بچا لیا۔

شروع میں ممبئی پولیس کے حوالے سے یہ اطلاع سامنے آئی تھی کہ ملزم کو حراست میں لیا گیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ تاہم کچھ ہی دیر بعد خبر آئی کہ روہت آریہ کی گولی لگنے سے موت ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے یرغمال بنائے گئے بچوں کو بچاتے وقت ملزم پر گولی چلائی تھی۔ بعد میں اسے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔ البتہ پولیس کی طرف سے اس واقعے پر فوری طور پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

بتایا جا رہا ہے کہ روہت آریہ اسٹوڈیو میں ہی کام کرتا تھا۔ اس نے ایک ویڈیو بھی جاری کیا تھا جس میں اس نے کہا: ’میں روہت آریہ ہوں۔ خودکشی کرنے کے بجائے میں نے ایک منصوبہ بنایا ہے اور کچھ بچوں کو یہاں یرغمال بنایا ہے۔ میری کوئی مالی یا دہشت گردی سے متعلق مانگ نہیں ہے، صرف اخلاقی سوالات ہیں۔

مجھے کچھ لوگوں سے جواب چاہیے۔ میں آسانی سے بات کرنا چاہتا ہوں، اسی لیے بچوں کو یرغمال بنایا ہے۔ اگر مجھے اکسایا گیا تو میں پورے اسٹوڈیو کو آگ لگا دوں گا۔ اس میں بچوں کو نقصان ہوگا، اس کا ذمہ دار میں نہیں ہوں گا۔‘‘ روہت نے یہ بھی کہا کہ وہ اکیلا نہیں ہے، بلکہ اس جیسے کئی لوگ ہیں جو پریشانیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔

پولیس کو جمعرات دوپہر تقریباً 1:45 بجے والدین کی جانب سے فون کال موصول ہوئی۔ پولیس نے پہلے بات چیت کی کوشش کی، لیکن جب وہ ناکام ہوئی تو ٹیم باتھ روم کے راستے اندر گھس گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ 17 بچے یرغمال تھے، اس کے علاوہ دو اور افراد بھی تھے، جن میں ایک بزرگ شامل تھے۔ تمام یرغمالیوں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ روہت بچوں کو بار بار جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہا تھا۔

اس کے پاس کچھ کیمیکل تھے اور وہ انہیں آگ لگانے کے لیے استعمال کرنے کی بات کر رہا تھا۔ پولیس کو جائے وقوعہ سے ایک ایئر گن اور کچھ کیمیکل مواد ملا ہے۔ فارنزک ٹیم شواہد کی جانچ کر رہی ہے۔ روہت آریہ پُونے کا رہنے والا تھا اور ٹھیکیدار کے طور پر کام کرتا تھا۔ وہ تعمیراتی اور سرکاری منصوبوں سے وابستہ تھا۔

اطلاعات کے مطابق اسے ایک سرکاری اسکول کی تعمیر کا ٹینڈر ملا تھا، مگر اس کا کہنا تھا کہ کیے گئے کام کی تقریباً دو کروڑ روپے کی رقم ابھی تک نہیں ملی۔ اسی واجب الادا رقم کو لے کر وہ کافی دنوں سے پریشان تھا اور کئی بار احتجاج بھی کر چکا تھا۔

کہا جا رہا ہے کہ اسی وجہ سے اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ جب وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس سے اس واقعے پر سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ جلد ہی تفصیلی معلومات عوام کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔ پولیس کے مطابق یہ ایک نہایت چیلنجنگ آپریشن تھا، کیونکہ بات چیت کے باوجود کوئی مثبت نتیجہ نہیں نکل رہا تھا۔ انہوں نے کہا، “بچوں کی جان بچانا ہماری پہلی ترجیح تھی۔