دہلی: سڑکیں بنی سوئمنگ پول، بارش کے بعد برا حال

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 29-08-2025
دہلی: سڑکیں بنی سوئمنگ پول، بارش کے بعد برا حال
دہلی: سڑکیں بنی سوئمنگ پول، بارش کے بعد برا حال

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی، نوئیڈا سمیت پورے این سی آر میں جمعہ کی صبح موسلا دھار بارش ہوئی۔ حالانکہ محکمۂ موسمیات نے پہلے ہی زبردست بارش کا الرٹ جاری کر دیا تھا۔ تیز ہوا کے ساتھ بارش اتنی شدید تھی کہ سڑکوں پر پانی بھر گیا۔ بچوں کے اسکول جانے کے وقت ہوئی اس تیز بارش کی وجہ سے کئی اسکولوں میں پانی گھس گیا، جس کے باعث اسکولوں نے چھٹی دے دی۔ دہلی ہو یا نوئیڈا، ہر جگہ پانی ہی پانی دکھائی دے رہا ہے۔ انڈر پاس تو مکمل طور پر تالاب میں تبدیل نظر آ رہے ہیں۔
دہلی-این سی آر میں جھما جھم بارش
ملک بھر میں مانسون کی بارش کا سلسلہ لگاتار جاری ہے۔ دہلی-این سی آر میں بھی پچھلے کئی دنوں سے مسلسل بارش ہو رہی ہے۔ محکمۂ موسمیات نے 29 اگست کے لیے بارش کی وارننگ جاری کی تھی۔ نوئیڈا کے کئی حصوں میں فی الحال بارش تھم گئی ہے، لیکن کچھ علاقوں میں ہلکی بارش کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔
دہلی کو کب ملے گی بارش سے راحت؟
محکمۂ موسمیات کی تازہ رپورٹ کے مطابق دہلی-این سی آر میں اگلے چھ دنوں تک بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ 3 ستمبر تک بارش سے راحت ملنے کے آثار نہیں ہیں۔ جمعہ کو بھی صبح سے ہی آسمان پر گھنے بادل چھائے ہوئے تھے جو اچانک برس پڑے۔ امکان ہے کہ جمعہ کی دوپہر اور شام کو بھی بارش ہو۔ بارش کی وجہ سے درجہ حرارت میں بھی خاصی گراوٹ دیکھی جا رہی ہے۔
دفتر آنے جانے والوں کو پریشانی
صبح سے ہو رہی بھاری بارش کی وجہ سے دفتر آنے جانے والوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ دہلی، نوئیڈا اور گڑگاؤں سمیت کئی علاقوں سے لوگ دفتر کے لیے آتے جاتے ہیں۔ دفتری وقت میں تیز بارش ہونے کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک جام لگ گیا۔ کئی لوگ تو گھروں سے نکل ہی نہیں پائے۔