گزشتہ سال سڑک حادثات میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 1.77 لاکھ ہوگئی: گڈکری

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 05-12-2025
گزشتہ سال سڑک حادثات میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 1.77 لاکھ ہوگئی: گڈکری
گزشتہ سال سڑک حادثات میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 1.77 لاکھ ہوگئی: گڈکری

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
حکومت نے جمعہ کو پارلیمنٹ کو بتایا کہ ہندوستان میں سڑک حادثات میں مرنے والوں کی تعداد سال 2024 میں 2.3 فیصد بڑھ کر 1.77 لاکھ سے زیادہ ہو گئی، جس کا مطلب ہے کہ ہر روز 485 افراد سڑک حادثات میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہ، نیتن گڈکری نے لوک سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں کہا کہ فروری 2020 میں سڑک تحفظ کے حوالے سے تیسرے عالمی وزیر سطحی کانفرنس میں منظور کیے گئے ’روڈ سیفٹی پر اسٹاک ہوم ڈیکلریشن‘ میں یہ نیا عالمی ہدف رکھا گیا ہے کہ 2030 تک سڑک حادثات میں ہونے والی اموات اور زخمی ہونے کے واقعات میں 50 فیصد کمی لائی جائے۔
گڈکری نے کہا کہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے موصولہ معلومات کے مطابق، کیلنڈر سال 2024 کے دوران ملک میں تمام زمروں کی سڑکوں پر حادثات میں مرنے والوں کی کل تعداد 1,77,177 رہی، جس میں ای ڈی اے آر پورٹل سے حاصل کردہ مغربی بنگال کا ڈیٹا بھی شامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کیلنڈر سال 2023 میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی پولیس نے مجموعی طور پر 4,80,583 سڑک حادثات درج کیے تھے، جن میں 1,72,890 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 4,62,825 افراد زخمی ہوئے۔
وزیر نے مزید کہا کہ ’ورلڈ روڈ اسٹیٹسٹکس 2024‘ کے مطابق، چین میں فی ایک لاکھ آبادی پر سڑک حادثات میں ہلاکت کی شرح 4.3 ہے، امریکہ میں 12.76، جبکہ ہندوستان میں یہ اعداد و شمار 11.89 ہیں۔
گڈکری نے بتایا کہ حکومت نے سڑک تحفظ کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے 4-ای یعنی:
ایجوکیشن (تعلیم)، انجینئرنگ (سڑک اور گاڑی دونوں کی)، انفورسمنٹ (قانونی نفاذ) اور ایمرجنسی کیئر (ہنگامی طبی امداد) پر مبنی ایک ہمہ جہتی حکمت عملی تیار کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حکمت عملی کے تحت ملک میں سڑک تحفظ کے لیے کئی اقدامات کیے گئے ہیں۔