حضرت شیخ سلیم چشتیؒ کے قل کی رسم : ملک و عالمِ اسلام کے امن کے لیے اجتماعی دعا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 19-03-2026
حضرت شیخ سلیم چشتیؒ کے قل کی رسم :  ملک و عالمِ اسلام کے امن کے لیے اجتماعی دعا
حضرت شیخ سلیم چشتیؒ کے قل کی رسم : ملک و عالمِ اسلام کے امن کے لیے اجتماعی دعا

 



نئی دہلی / فتح پور سیکری: درگاہ حضرت شیخ سلیم چشتی کے 456 ویں سالانہ عرس مبارک کے موقع پر قل کی روح پرور رسم نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کی گئی۔ اس موقع پر ملک و بیرون ملک سے آئے ہوئے زائرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور درگاہ شریف پر ایک روحانی اور دیدہ زیب اجتماع دیکھنے میں آیا۔

سجادہ نشین پیرزادہ ارشد فریدی چشتی نے رات ساڑھے تین بجے درگاہ شریف پر حاضری دے کر قل کی بابرکت رسم ادا کی۔

اس موقع پر مختلف مذاہب اور طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جو صوفیائے کرام کے آفاقی پیغام محبت رواداری اور بھائی چارے کی عملی تصویر پیش کرتا ہے۔

قل کی رسم کے دوران عقیدت مندوں میں تبرکات تقسیم کیے گئے جبکہ ملک اور عالم اسلام کے امن استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی اجتماعی دعائیں بھی کی گئیں۔ اس روحانی لمحے میں زائرین کی بڑی تعداد قل کے چھینٹوں کے حصول کے لیے بے حد پرجوش نظر آئی۔

زائرین کے غیر معمولی ہجوم کے باعث پولیس انتظامیہ کو سجادہ نشین کو درگاہ سے ان کے حجرے تک سیکیورٹی حصار میں لے جانا پڑا۔ اپنے خطاب میں پیرزادہ ارشد فریدی چشتی نے کہا کہ صوفیائے کرام کا پیغام عالمگیر ہے جو محبت انسانیت اور بھائی چارے پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس آستانہ عالیہ پر ہر مذہب کے لوگ بلا تفریق حاضر ہوتے ہیں جو اس پیغام کی زندہ مثال ہے اور اس فکر کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

قابل ذکر ہے کہ حضرت شیخ سلیم چشتی کا 456 واں عرس مبارک سجادہ نشین پیرزادہ عیاض الدین چشتی کی سرپرستی میں جاری ہے۔ عرس کے سلسلے میں 24 اور 25 مارچ کو درگاہ شریف میں “رنگ صوفیانہ” کے عنوان سے دو روزہ پروگرام منعقد ہوگا جس میں رکن پارلیمنٹ راج کمار چاہر بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔

اس روحانی اور ثقافتی تقریب میں ملک کی معروف علمی و ادبی شخصیات جن میں رنا صفوی، رینی سنگھ، غلام رسول دہلوی، سید ساحل آغا، سعدیہ علیم اور ڈاکٹر نیتا پانڈے شامل ہیں شرکت کریں گے۔

25 مارچ کو رات ساڑھے نو بجے ایک عظیم الشان آل انڈیا مشاعرہ بھی منعقد ہوگا جس میں معروف شعرا کرام وسیم راشد، معین شاداب، تحسین منور، عمر اظہر، النکرات شریواستو، ابھیشیک تیواری، شارق ملک، ڈاکٹر اندو گپتا، میناکشی اور بسمل فتح پوری اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کریں گے۔ عرس مبارک کی تقریبات جشن بابا فرید گنج شکر کے فاتحہ کے ساتھ اختتام پذیر ہوں گی۔

واضح رہے کہ عرس مبارک کا باضابطہ آغاز 20 رمضان المبارک کو غسل شریف مقدس مزار سے ہوا جس کے بعد زائرین کو تبرکات مقدسہ کی زیارت کرائی گئی۔ اس موقع پر حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قدم مبارک موئے مبارک حضرت غوث اعظم کا خرقہ مبارک اور حضرت بابا فرید الدین گنج شکر کا پٹکا شریف بھی عقیدت مندوں کو دکھایا گیا جبکہ حضرت شیخ سلیم چشتی کی کلاہ مبارک کی زیارت بھی سجادہ نشین پیرزادہ ارشد فریدی چشتی کے دست مبارک سے کرائی گئی۔