آواز دی وائس
پاکستان میں سندھ حکومت کے وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار کے گھر پر مظاہرین نے حملہ کر دیا۔ تشدد میں دو افراد ہلاک اور بڑی تعداد میں لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ یہ حملہ منگل کو ضلع نوشہرو فیروز کے مورو تعلقہ میں ہوا لیکن اب اس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق گزشتہ کئی دنوں سے لوگ چھ نہروں کی تعمیر اور کارپوریٹ فارمنگ منصوبے کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ اس دوران پولیس نے مظاہرین کو قومی شاہراہ پر دھرنا دینے سے روکنے کی کوشش کی لیکن اس سے مظاہرین مشتعل ہوگئے۔ انہوں نے کچھ ٹرکوں کو لوٹ لیا اور تین گاڑیوں کو آگ لگا دی۔ ان گاڑیوں میں ایک آئل ٹینکر بھی شامل تھا۔
مظاہرین کا غصہ یہیں نہیں رکا اور وہ وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار کے گھر میں گھس گئے۔ مشتعل افراد نے توڑ پھوڑ کی اور گھر میں موجود فرنیچر کو آگ لگا دی۔ جب تک وزیر کے سیکورٹی اہلکار گھر پہنچے، مظاہرین کافی نقصان پہنچا چکے تھے۔ اس واقعے کی کئی ویڈیوز بھی وائرل ہوئی ہیں جن میں وزیر کے گھر پر موجود گارڈز کو بھیڑ کو منتشر کرنے کے لیے ہوا میں فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔