ایس آئی آر پر پارلیمنٹ میں ہنگامہ،حکومت کابحث سے انکار

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 06-08-2025
ایس آئی آر پر پارلیمنٹ میں ہنگامہ،حکومت کابحث سے انکار
ایس آئی آر پر پارلیمنٹ میں ہنگامہ،حکومت کابحث سے انکار

 



نئی دہلی: بہار میں ووٹر لسٹ کے خصوصی گہرے نظرثانی کے خلاف اپوزیشن نے پارلیمنٹ میں مسلسل کئی دنوں سے احتجاج کیا ہے اور اس معاملے پر بحث کا مطالبہ کر رہا ہے۔ بدھ کے روز مرکزی وزیر کیرن رجیجو نے کہا کہ چونکہ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیرِ سماعت ہے، اس لیے اس پر لوک سبھا میں بحث ممکن نہیں ہے۔

ان کے مطابق پارلیمانی قواعد ان معاملات پر بحث کی اجازت نہیں دیتے جو عدالت میں زیر غور ہوں۔ بدھ کو بھی بہار میں ایس آئی آر کے خلاف اپوزیشن نے زبردست ہنگامہ کیا، جس کے باعث دوپہر 2 بجے کے بعد ایوان کی کارروائی جمعرات تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ مانسون سیشن میں اب تک "آپریشن سندور" پر بحث اور کچھ بلوں کی منظوری کے علاوہ خاص کام نہیں ہو سکا ہے۔

اپوزیشن کا الزام ہے کہ اس نظرثانی (SIR) کے ذریعے بڑی تعداد میں لوگوں کا رائے دہی کا حق چھینا جا رہا ہے۔ پارلیمانی امور کے وزیر کیرن رجیجو نے کہا کہ لوک سبھا کے قواعد ان مقدمات پر بحث کی اجازت نہیں دیتے جو عدالت میں زیر سماعت ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن جیسے خودمختار اداروں کے کام پر پارلیمنٹ میں بحث ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے ارکان سے اپیل کی کہ اہم بلوں کی منظوری کے دوران بحث میں حصہ لیں۔

بہار میں ووٹر لسٹ کے اس خصوصی گہرے نظرثانی (SIR) کے معاملے پر سپریم کورٹ میں بھی سماعت جاری ہے۔ عدالت 12 اگست کو اس معاملے پر سنوائی کرے گی۔ سپریم کورٹ نے ایس آئی آر کے خلاف عرضی دائر کرنے والی سیاسی جماعتوں کو 8 اگست تک اپنا جواب داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔

اسی دوران الیکشن کمیشن نے بدھ کے روز سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ 1 اگست کو بہار میں ووٹر لسٹ کے مسودے کی اشاعت کے بعد سے 6 اگست کی صبح 9 بجے تک کسی بھی سیاسی جماعت نے ایس آئی آر کے خلاف کوئی اعتراض داخل نہیں کیا ہے۔