مذہب پر عمل کرنے کا حق مناسب پابندیوں سے مشروط ہے: عدالت

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 22-08-2026
مذہب پر عمل کرنے کا حق مناسب پابندیوں سے مشروط ہے: عدالت
مذہب پر عمل کرنے کا حق مناسب پابندیوں سے مشروط ہے: عدالت

 



پٹنہ: پٹنہ ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ مذہب اختیار کرنے اور اس پر عمل کرنے کا حق لامحدود نہیں ہے بلکہ عوامی نظم و ضبط اور سماجی ضوابط کے مفاد میں مناسب پابندیوں سے مشروط ہے۔ عدالت نے یہ تبصرہ بہار کے سیوان میں سالانہ مذہبی جلوس میں 300 عقیدت مندوں کو شرکت کی اجازت دینے کی درخواست خارج کرتے ہوئے کیا۔ انتظامیہ نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے جلوس میں شامل ہونے والے افراد کی تعداد محدود کر دی تھی۔

درخواست گزار نے عدالت سے حکام کو ہدایت دینے کی درخواست کی تھی کہ ہندو کیلنڈر کے مطابق بھادرو کرشن پکش کے گیارہویں دن منعقد ہونے والے مقامی مٹھ (اکھاڑہ) کے سالانہ مذہبی جلوس کو روایتی راستے سے کم از کم 300 عقیدت مندوں کے ساتھ نکالنے کی اجازت دی جائے۔

درخواست میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ جلوس میں شرکت کرنے والے افراد کی مقررہ تعداد کو 2012 اور 2013 میں 200 سے کم کرکے 2014 میں 150، 2015 میں 100 اور بالآخر 2023 سے صرف پانچ افراد کر دیا گیا۔ اس کے ساتھ جلوس کے روایتی راستے میں بھی تبدیلی کی گئی۔ درخواست گزار نے دلیل دی کہ ان پابندیوں سے آئین کے آرٹیکل 25 کے تحت عقیدت مندوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔

اس نے یہ بھی کہا کہ روایتی راستے پر جلوس نکالنے سے امن و امان خراب ہونے کی کبھی کوئی شکایت سامنے نہیں آئی۔ اس معاملے میں ریاستی حکومت نے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے حفاظتی اقدامات کے طور پر یہ پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ سابقہ عدالتی فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے ہائی کورٹ نے کہا: ’’آرٹیکل 25 اور 26 مذہبی آزادی کی ضمانت دیتے ہیں، لیکن یہ حقوق عوامی نظم و ضبط، اخلاقیات اور صحت سے متعلق پابندیوں کے تابع ہیں۔‘‘