نئی دہلی: سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ نابالغوں سے جڑے اجتماعی ریپ کے مقدمات میں عمر قید (باقی زندگی جیل میں گزارنے) کی سزا پانے والے مجرمین کو سزائے معافی طلب کرنے کا حق نہ صرف آئینی ہے بلکہ قانونی بھی ہے۔ جسٹس بی وی ناگرتنا اور جسٹس آر مہادیون کی بنچ نے یہ تبصرہ اُس عرضی پر کیا، جس میں بھارتیہ تعزیری قانون (آئی پی سی) کی دفعہ 376ڈی اے کی آئینی حیثیت کو چیلنج کیا گیا تھا۔
دفعہ 376ڈی اے میں 16 سال سے کم عمر نابالغ لڑکی کے ساتھ اجتماعی ریپ کرنے والوں کے لیے سخت سزا کا التزام ہے۔ اس میں عمر قید یا باقی قدرتی زندگی جیل میں کاٹنے کی سزا لازمی ہے۔ اس معاملے میں فریق بننے کے خواہش مند ایک درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ دفعہ 376ڈی اے میں “Shall” لفظ کا استعمال کیا گیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ سیشن کورٹ کے پاس عمر قید (یعنی باقی قدرتی زندگی تک جیل میں رکھنے) کے سوا کوئی دوسرا اختیار نہیں ہے۔
بنچ نے اس دفعہ کے دو پہلوؤں پر غور کیا۔ پہلا یہ کہ مقررہ سزا کو سیشن کورٹ سماعت کے بعد لاگو کرے اور پھر اسے ہائی کورٹ یا سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جا سکتا ہے۔ دوسرا پہلو یہ ہے کہ اگر کسی مجرم پر یہ سزا بھی لگتی ہے تو اسے بھارتی آئین کے آرٹیکل 72 یا 161 کے تحت صدرِ جمہوریہ یا کسی ریاست کے گورنر کے سامنے سزا معافی کی درخواست کرنے کا حق ہے۔
سپریم کورٹ نے مزید کہا کہ ایسے مجرمین کے پاس معافی طلب کرنے کا قانونی راستہ بھی موجود ہے۔ بنچ نے کہا، ’’سزا معافی مانگنے کا حق نہ صرف آئینی حق ہے بلکہ قانونی حق بھی ہے، اور ہر ریاست کی اپنی معافی کی پالیسی ہے، جو اُس وقت بھی نافذ ہوتی ہے جب سزا آئی پی سی کی دفعہ 376ڈی اے یا 376ڈی بی کے تحت دی جاتی ہے۔‘‘ واضح رہے کہ دفعہ 376ڈی بی 12 سال سے کم عمر نابالغ لڑکی کے ساتھ اجتماعی ریپ کی سزا سے متعلق ہے۔
عدالت نے کہا کہ دفعہ 376ڈی اے یا 376ڈی بی کے تحت عمر قید (باقی قدرتی زندگی کے لیے) کی سزا آئین، قانونی منصوبہ بندی اور ریاستی سطح پر نافذ معافی کی پالیسی کے تحت کسی مجرم کے معافی طلب کرنے کے حق کو ختم نہیں کرے گی۔ وہیں وکیل نے کہا کہ دفعہ 376ڈی اے کے تحت مقررہ سزا کا مطلب ہے کہ مجرم کے سلسلے میں کسی بھی نرمی یا رعایت کی گنجائش نہیں رہتی۔
بنچ نے کہا کہ مرکز نے آئی پی سی کی دفعہ 376ڈی اے کی تائید کی ہے۔ اعلیٰ عدالت نے دفعہ 376ڈی اے کے تحت صرف ایک ہی طرح کی سزا طے کیے جانے کے قانونی سوال کو کھلا رکھا اور کہا کہ اس پر مناسب معاملے میں غور کیا جا سکتا ہے۔ بنچ نے عرضی اور فریق بنانے کی درخواست کو نمٹاتے ہوئے کہا، ’’لہٰذا یہ قانونی سوال مستقبل میں کسی موزوں مقدمے میں اٹھائے جانے کے لیے کھلا رکھا جا رہا ہے۔‘‘