نئی دہلی: سپریم کورٹ نے اسلام میں خواتین کے خُلع کے حق سے متعلق ایک معاملے میں امیکس کیوری مقرر کیا ہے۔ کیرالہ ہائی کورٹ نے یہ حکم دیا تھا کہ ایک مسلم عورت شوہر کی رضامندی کے بغیر بھی نکاح ختم کر سکتی ہے یا خُلع لے سکتی ہے۔
اسلام میں عورت کو یہ حق دیا گیا ہے۔ اب یہ معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا ہے۔ عدالت نے اسے پرسنل لا سے جڑا ہوا مسئلہ قرار دیتے ہوئے سینئر ایڈووکیٹ شعیب عالم کو امیکس کیوری مقرر کیا ہے۔ لائیو لا کی رپورٹ کے مطابق، جسٹس سنجے کمار اور جسٹس کے۔ وِنود چندرن کی بنچ نے اس معاملے کی سماعت کے لیے 22 اپریل کی تاریخ مقرر کی ہے۔
یہ معاملہ کیرالہ ہائی کورٹ کے اُس فیصلے سے متعلق ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ اسلامی قانون مسلم عورت کو خُلع کے ذریعے نکاح ختم کرنے کا حق دیتا ہے اور اس کی خواہش شوہر کی مرضی پر منحصر نہیں ہے۔ اس فیصلے کے خلاف کیرالہ ہائی کورٹ میں نظرثانی کی عرضی بھی دائر کی گئی تھی، جسے جسٹس ایس۔ محمد مستاق اور جسٹس ایس سی دیاس کی بنچ نے مسترد کر دیا تھا۔
یہ عرضی مسلم میرج ڈسولوشن ایکٹ، 1939 کے تحت ایک مسلم عورت کے نکاح ختم کرنے کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئی تھی۔ نظرثانی کی عرضی میں کہا گیا تھا کہ اگر مسلم عورت نکاح ختم کرنا چاہتی ہے تو اسے شوہر سے طلاق کا مطالبہ کرنا چاہیے، اور اگر شوہر انکار کرے تو قاضی یا عدالت سے رجوع کرنا چاہیے۔ تاہم، عدالت نے اس دلیل کو مسترد کر دیا۔
عدالت نے اس بات کو بھی رد کر دیا کہ مسلم عورت کو خُلع لینے کا مکمل حق حاصل نہیں ہے۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا تھا کہ نکاح ختم کرنے کا حق عورت کو قرآنِ پاک میں دیا گیا ہے اور یہ شوہر کی رضامندی یا اس کی خواہش پر منحصر نہیں ہے۔
عدالت نے یہ بھی کہا کہ خُلع کے ذریعے نکاح ختم کرنے کو وہی قانونی حیثیت حاصل ہے جو شوہر کو طلاق دینے کے حق کو حاصل ہے۔ عدالت نے مزید کہا تھا کہ خُلع اسی صورت میں معتبر ہوگا جب بیوی خود نکاح ختم کرنا چاہتی ہو، وہ مہر وصول نہ کرے اور نکاح کے دوران دی گئی دیگر اشیاء واپس کرنے کی پیشکش کرے، اور یہ کہ نکاح کو برقرار رکھنے کی کوششیں کی جا چکی ہوں۔