پی ایم کی اپیل کا احترام: عازمین حج ایئرپورٹ ایکسپریس میٹرو سے ہوائی اڈہ پہنچے

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 16-05-2026
 پی ایم کی اپیل کا احترام: عازمین حج  ایئرپورٹ ایکسپریس میٹرو سے ہوائی اڈہ پہنچے
پی ایم کی اپیل کا احترام: عازمین حج ایئرپورٹ ایکسپریس میٹرو سے ہوائی اڈہ پہنچے

 



 نئی دہلی: حج 2026 کے عازمینِ حج کو دہلی کے تاریخی رام لیلا میدان میں قائم دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے حج کیمپ سے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈہ ٹرمینل-3 تک پہلی مرتبہ ایئرپورٹ ایکسپریس میٹرو کے ذریعے پہنچایا گیا۔

اس موقع پر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے ایندھن اور توانائی کی بچت کے لیے کی گئی اپیل پر عمل کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا اس وقت توانائی بحران سے گزر رہی ہے جس کے اثرات مختلف شعبوں پر مرتب ہو رہے ہیں۔ اس کے باوجود ہندوستان نے کوشش کی ہے کہ عام لوگوں پر اس بحران کا کم سے کم اثر پڑے اور حکومت نے اپنی فلاحی اسکیموں کو بھی جاری رکھا ہے۔

کوثر جہاں نے کہا کہ وزیر اعظم نے قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام سے کفایت شعاری اور توانائی کی بچت کی اپیل کی ہے اور دہلی حج کمیٹی نے اسی پیغام کو عملی شکل دینے کے لیے عازمینِ حج کو بسوں کے بجائے میٹرو کے ذریعے ایئرپورٹ پہنچانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے ایندھن کی بچت کے ساتھ ساتھ ماحولیات کے تحفظ اور پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال کو بھی فروغ ملے گا۔

میٹرو میں عازمین حج ایر پورٹ جاتے ہوئے

دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے مطابق ایران۔ امریکہ اور اسرائیل کے درمیان جاری خلیجی کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر معاشی دباؤ اور مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔ ایسے حالات میں وزیر اعظم نریندر مودی نے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ غیر ضروری اخراجات کم کریں اور ایندھن کے بحران سے نمٹنے کے لیے میٹرو اور ٹرین جیسے ذرائع نقل و حمل کو ترجیح دیں۔ دہلی حج کمیٹی کا یہ قدم اسی قومی پیغام کے تحت اٹھایا گیا ہے۔

اس خصوصی موقع پر نئی دہلی ایئرپورٹ ایکسپریس میٹرو اسٹیشن پر عازمینِ حج کو رخصت کرنے کے لیے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں۔ ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی۔ ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر محسن علی کے علاوہ دہلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ۔ دہلی پولیس۔ سعودی ایئرلائنز۔ حج کمیٹی آف انڈیا اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔ تمام افسران نے عازمینِ حج کے ساتھ نئی دہلی میٹرو اسٹیشن سے آئی جی آئی ایئرپورٹ ٹرمینل-3 میٹرو اسٹیشن تک سفر بھی کیا۔

واضح رہے کہ حج 2026 کے لیے دہلی سے مکہ مکرمہ روانگی کا سلسلہ 18 اپریل سے جاری ہے۔ اب تک عازمینِ حج کو رام لیلا میدان میں قائم حج کیمپ سے ایئرپورٹ تک بسوں کے ذریعے منتقل کیا جا رہا تھا۔ تاہم اب دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی نے میٹرو سروس کو اختیار کرتے ہوئے وزیر اعظم کی اپیل کو عملی شکل دینے اور عوام میں اجتماعی ذمہ داری کا پیغام عام کرنے کی کوشش کی ہے۔