نئی دہلی / آواز دی وائس
راجدھانی دہلی کے کئی حصوں میں پیر کی دوپہر بارش ہوئی جس سے لوگوں کو حبس بھرے موسم سے راحت ملی۔ ہندوستانی محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں صبح آٹھ بج کر تیس منٹ تک دہلی میں 13 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
بارش کے سبب درجہ حرارت میں کمی آئی اور کم سے کم درجہ حرارت 23.9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے تین ڈگری کم ہے۔
آئی ایم ڈی کے پیش گوئی کے مطابق پیر کو آسمان پر بادل چھائے رہیں گے اور درمیانی درجے کی بارش ہو سکتی ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تقریباً 33 ڈگری سیلسیس کے قریب رہنے کا امکان ہے۔ صبح آٹھ بج کر تیس منٹ پر ہوا میں نمی کی سطح 100 فیصد ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث بارش کے باوجود موسم میں ہلکی سی حبس برقرار رہی۔
اس دوران دہلی والوں نے "قابل اطمینان" درجہ کی ہوا کے معیار کے ساتھ دن کی شروعات کی۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق فضائی معیار کا اشاریہ یعنیٰ اے كیو آئی61 ریکارڈ کیا گیا۔
راجدھانی میں گزشتہ کچھ دنوں سے بادل چھائے رہنے، وقفے وقفے سے بارش ہونے اور درجہ حرارت میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے جو مانسون سیزن کا معمول ہے۔