نئی دہلی/ آواز دی وائس
جی ایس ٹی کونسل نے بدھ کو متفقہ طور پر مال و خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی ) میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کو منظوری دے دی۔ اس فیصلے سے ذاتی استعمال کی تقریباً تمام اشیاء پر شرحوں میں کمی کی گئی ہے، وہیں ذاتی صحت اور لائف انشورنس پریمیم پر ٹیکس سے مکمل چھوٹ دی گئی ہے۔ جی ایس ٹی میں 5 فیصد اور 18 فیصد کی دو سطحی ٹیکس ڈھانچے کو منظوری دی گئی ہے۔ نئی شرحیں 22 ستمبر سے نافذ ہوں گی۔
دوسری جانب کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم نے مرکز کے حالیہ فیصلے کا خیر مقدم تو کیا لیکن اس قدم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ آٹھ سال کی تاخیر ہے۔
ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں چدمبرم نے کہا کہ موجودہ جی ایس ٹی ڈیزائن اور شرحیں پہلے ہی نافذ ہونی چاہیے تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے برسوں سے ان مسائل کے خلاف بار بار انتباہ دیا تھا لیکن ان کی دلیلوں کو نظر انداز کر دیا گیا۔ انہوں نے لکھا کہ جی ایس ٹی کو معقول بنانا اور کئی اشیاء و خدمات پر شرحوں میں کمی خوش آئند ہے لیکن 8 سال کی تاخیر ہو چکی ہے۔ جی ایس ٹی کا موجودہ ڈھانچہ اور اب تک رائج شرحیں شروع ہی میں نافذ نہیں ہونی چاہئیں تھیں۔ ہم پچھلے 8 سال سے جی ایس ٹی کے ڈھانچے اور شرحوں کے خلاف مسلسل آواز اٹھاتے رہے لیکن ہماری فریاد ان سنی کر دی گئی۔
چدمبرم نے اصلاحات کے لیے حکومت کے وقت پر سوال اٹھایا اور اچانک تبدیلی کے پیچھے ممکنہ وجوہات پر قیاس آرائی کی۔ انہوں نے کئی معاشی اور سیاسی عوامل کا حوالہ دیا جن کی وجہ سے 8 سال کی تاخیر کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا، جن میں امریکہ میں ہندوستانی مصنوعات پر لگایا گیا ٹیرف اور اس سال کے آخر میں ہونے والے بہار انتخابات شامل ہیں۔
سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ جاننا دلچسپ ہوگا کہ حکومت کو یہ تبدیلیاں کرنے کے لیے کس بات نے مجبور کیا: سست روی کا شکار ترقی؟ بڑھتا ہوا گھریلو قرض؟ گھٹتی ہوئی گھریلو بچت؟ بہار میں انتخابات؟ ٹرمپ اور ان کے ٹیرف؟ یا یہ سبھی عوامل؟