نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے جمعرات کو کہا کہ مال و خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کی شرحوں میں کمی ملک کے لیے ایک بڑا تحفہ ہے اور یہ ہندوستانی معیشت کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔
بدھ کو جی ایس ٹی کونسل کی پہلی میٹنگ میں شامل ہونے والی گپتا نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس قدم سے ملک میں تجارت اور کاروبار کو مضبوطی ملے گی۔
ریکھا گپتا نے صحافیوں سے کہا کہ یہ ملک کے لیے بہت بڑی سوغات ہے... صحت بیمہ اور روزمرہ استعمال کی اشیاء کی شرحوں میں کمی ملک کے کروڑوں لوگوں کے لیے بڑی راحت ہے، جو وزیر اعظم نریندر مودی کے شکر گزار ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جی ایس ٹی کونسل نے جی ایس ٹی کی شرحوں میں ترمیم کو بھرپور حمایت کے ساتھ منظور کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے تجارت اور کاروبار کو فروغ ملے گا اور یہ قدم ہندوستانی معیشت میں سنگ میل ثابت ہوگا۔
گپتا نے کہا، ’’دہلی بہت خوش ہے اور میں دہلی والوں کی جانب سے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ انہوں نے صحت بیمہ اور تعلیم سے متعلق اشیاء پر صفر جی ایس ٹی نافذ کیا۔ قابلِ تجدید توانائی کو سہارا دیا گیا ہے اور اس سے دہلی کو خاصا فائدہ ہوگا کیونکہ ہم شمسی توانائی کو فروغ دے رہے ہیں۔
جی ایس ٹی کونسل نے بدھ کو اتفاق رائے سے مال و خدمات ٹیکس میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کو منظوری دی۔ ان اصلاحات کے تحت صابن، سائیکل، ٹی وی اور ذاتی صحت و زندگی بیمہ پالیسی جیسی عام استعمال کی اشیاء پر جی ایس ٹی کی شرحیں کم کی گئی ہیں۔
جی ایس ٹی میں پانچ فیصد اور 18 فیصد کی دو سطحی ٹیکس ڈھانچے کو منظوری دی گئی ہے۔
چند منتخب اشیاء جیسے مہنگی کاریں، تمباکو اور سگریٹ کے لیے بھی 40 فیصد کا خصوصی سلیب تجویز کیا گیا ہے۔