لال قلعہ دھماکہ: عدالت نے حیاتیاتی باقیات تلف کرنے کی اجازت دی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 13-07-2026
لال قلعہ دھماکہ: عدالت نے حیاتیاتی باقیات تلف کرنے کی اجازت دی
لال قلعہ دھماکہ: عدالت نے حیاتیاتی باقیات تلف کرنے کی اجازت دی

 



نئی دہلی: پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے پیر کے روز نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کو نومبر 2025 میں لال قلعہ کے قریب ہونے والے کار بم دھماکے کے مقام سے جمع کیے گئے متاثرین اور ملزم ڈاکٹر عمر اُن نبی کی حیاتیاتی باقیات (بایولوجیکل ریمینز) کو تلف کرنے کی اجازت دے دی۔

خصوصی جج پیتامبر دت نے این آئی اے کو ہدایت دی کہ ان باقیات کو مکمل انسانی وقار اور متعلقہ افراد کے مذہبی عقائد کے مطابق تلف کیا جائے۔ عدالت نے اس سلسلے میں عمل درآمد کی رپورٹ بھی طلب کی ہے۔ سماعت کے دوران این آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ حیاتیاتی باقیات سے تمام ضروری فرانزک شواہد حاصل کر لیے گئے ہیں اور اب انہیں محفوظ رکھنے کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ وہ گلنے سڑنے لگی ہیں۔

تحقیقاتی ایجنسی نے 11 نومبر 2025 کو لال قلعہ کے قریب ہونے والے دھماکے میں جاں بحق افراد اور ملزم کی حیاتیاتی باقیات کو تلف کرنے کی اجازت طلب کی تھی۔ این آئی اے نے اس سلسلے میں عدالت میں فرانزک رپورٹ بھی پیش کی۔ این آئی اے اس مقدمے میں پہلے ہی ڈاکٹر شاہین سعید سمیت 10 ملزمان کے خلاف چارج شیٹ داخل کر چکی ہے، جبکہ ضمیر احمد اہنگر اور طفیل احمد بٹ کے خلاف داخل کی گئی ضمنی چارج شیٹ بھی این آئی اے کی خصوصی عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔

ایجنسی نے اس مقدمے میں ضمیر احمد اہنگر، طفیل احمد بٹ اور ایک مفرور ملزم کے خلاف ضمنی چارج شیٹ بھی داخل کی ہے۔ ضمیر اور طفیل کو فروری 2026 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ این آئی اے کے مطابق دونوں پر اسلحہ اور گولہ بارود جمع کرنے کا الزام ہے۔ ایجنسی کا دعویٰ ہے کہ ضمیر کو عمر، عرفان اور عادل نے ایک رائفل، ایک پستول اور زندہ کارتوس فراہم کیے تھے، جبکہ دونوں کا تعلق انصار غزوۃ الہند سے بتایا گیا ہے۔

اس سے قبل 14 مئی کو این آئی اے نے اس مقدمے میں 7,500 صفحات پر مشتمل پہلی چارج شیٹ دائر کی تھی، جس میں 10 ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا۔ ان پر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (یو اے پی اے)، بھارتیہ نیائے سنہتا، ایکسپلوسیو سبسٹینسز ایکٹ، آرمز ایکٹ اور عوامی املاک کو نقصان سے تحفظ کے قانون کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

چارج شیٹ میں مرکزی سازش کار قرار دیے گئے ڈاکٹر عمر اُن نبی کا بھی نام شامل ہے، تاہم ان کی موت کے باعث ان کے خلاف کارروائی ختم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ دیگر ملزمان میں عامر رشید میر، جاسر بلال وانی، ڈاکٹر مزمل شکیل، ڈاکٹر عادل احمد راتھر، ڈاکٹر شاہین سعید، مفتی عرفان احمد واگے، سویب، ڈاکٹر بلال ناصر ملا اور یاسر احمد ڈار شامل ہیں۔

این آئی اے کا الزام ہے کہ تمام ملزمان انصار غزوۃ الہند (اے جی یو ایچ) سے وابستہ تھے، جو القاعدہ اِن دی انڈین سب کانٹیننٹ (اے کیو آئی ایس) کی ایک شاخ ہے۔ مرکزی وزارت داخلہ نے 2018 میں اس تنظیم کو دہشت گرد قرار دیا تھا۔ ایجنسی کے مطابق یہ چارج شیٹ جموں و کشمیر، ہریانہ، اتر پردیش، مہاراشٹر، گجرات اور دہلی-این سی آر میں کی گئی وسیع تحقیقات پر مبنی ہے۔

اس میں 588 گواہوں کے بیانات، 395 سے زائد دستاویزات اور 200 سے زیادہ ضبط شدہ شواہد شامل کیے گئے ہیں۔ این آئی اے نے الزام لگایا ہے کہ یہ ایک بڑی "جہادی سازش" تھی، جس میں بعض میڈیکل پروفیشنلز سمیت شدت پسند نظریات رکھنے والے افراد شامل تھے، جو مبینہ طور پر اے کیو آئی ایس/اے جی یو ایچ کے نظریے سے متاثر تھے۔

تحقیقات کے مطابق ملزمان نے 2022 میں سری نگر میں ایک خفیہ اجلاس کے دوران تنظیم کو "اے جی یو ایچ انٹرم" کے نام سے دوبارہ منظم کیا اور "آپریشن ہیونلی ہند" کے نام سے ایک منصوبہ شروع کیا، جس کا مبینہ مقصد جمہوری طور پر منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر شریعت پر مبنی نظام قائم کرنا تھا۔

این آئی اے کا مزید دعویٰ ہے کہ ملزمان نے افراد کی بھرتی کی، شدت پسند نظریات پھیلائے، اسلحہ اور گولہ بارود جمع کیا اور عام دستیاب کیمیکلز سے دھماکہ خیز مواد تیار کیا۔ ایجنسی کے مطابق دھماکے میں ٹرائی ایسیٹون ٹرائی پیرو آکسائیڈ (ٹی اے ٹی پی) استعمال کیا گیا، جسے متعدد تجربات کے بعد تیار کیا گیا تھا۔

تحقیقات میں مبینہ طور پر اے کے-47، کرنکوف رائفل اور دیسی پستول جیسے ممنوعہ ہتھیاروں کی غیر قانونی خریداری کے ساتھ ساتھ راکٹ اور ڈرون پر نصب آئی ای ڈیز کے تجربات کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ این آئی اے نے بتایا کہ ڈی این اے فنگر پرنٹنگ اور آواز کے تجزیے سمیت سائنسی و فرانزک تحقیقات کے ذریعے ہلاک شدہ ملزم ڈاکٹر عمر اُن نبی کی شناخت کی تصدیق کی گئی۔