شمالی ہندوستانی ریاستوں میں شدید بارش کا ریڈ الرٹ: آئی ایم ڈی

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 02-09-2025
شمالی ہندوستانی ریاستوں میں شدید بارش کا ریڈ الرٹ: آئی ایم ڈی
شمالی ہندوستانی ریاستوں میں شدید بارش کا ریڈ الرٹ: آئی ایم ڈی

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
ہندوستانی محکمہ موسمیات نے منگل کو ریڈ "الرٹ" وارننگ جاری کی، جس میں اتر پردیش، ہریانہ، ہماچل پردیش اور پنجاب کے متعدد اضلاع میں فی گھنٹہ 15 ملی میٹر سے زیادہ شدید بارش اور گرج چمک کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ کے مطابق اتر پردیش کے ضلع پیلی بھیت، لکھیم پور اور شاہجہانپور کو ریڈ الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ ہریانہ میں یہ وارننگ فتہ آباد، جند، حصار، گڑگاؤں، ریواڑی اور میوات اضلاع کے لیے جاری کی گئی۔
پہاڑی ریاست ہماچل پردیش کے ضلع چمبا، لاہول-اسپیٹی، کانگڑا اور کلو میں بھی ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ پنجاب کے متاثرہ اضلاع میں پٹھانکوٹ، گرداسپور، کپورتھلہ، جالندھر، موگا اور برنالا شامل ہیں۔
محکمہ نے کہا کہ ان اضلاع میں فی گھنٹہ 15 ملی میٹر سے زائد کی شدید بارش کے ساتھ گرج چمک کے امکانات ہیں۔ عوام کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کمزور یا خطرناک مقامات سے دور رہیں۔
اسی کے ساتھ محکمے نے اورنج "الرٹ " وارننگ بھی جاری کی ہے جس میں فی گھنٹہ 5 سے 15 ملی میٹر تک درمیانی بارش اور گرج چمک کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ یہ وارننگ مشرقی راجستھان، مدھیہ پردیش، اتر پردیش، پنجاب، ہماچل پردیش، اترکھنڈ، جموں و کشمیر، لیہہ اور شمالی چھتیس گڑھ کے کچھ اضلاع کے لیے ہے۔
محکمے کی ایڈوائزری میں کہا گیا کہ گرج چمک کے ساتھ شدید بارش مقامی سیلاب، ٹریفک میں خلل اور کمزور عمارتوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ شہریوں کو گھر کے اندر رہنے، پانی بھرے ہوئے علاقوں سے بچنے اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
ادھر ہریانہ کے ضلع امبالہ میں گزشتہ دو دن سے مسلسل شدید بارش نے کئی علاقوں، بشمول رہائشی مقامات، میں شدید پانی بھراؤ پیدا کر دیا ہے۔ کپڑا مارکیٹ، ندی محلہ اور امبالہ کے دیگر حصوں کے رہائشی سیلابی پانی کی وجہ سے سخت پریشانی اور نقصان کا سامنا کر رہے ہیں۔
ایک مقامی رہائشی نے کہا کہ پیر سے جاری موسلا دھار بارش کی وجہ سے سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا ہے، گڈھے نظر نہیں آ رہے اور دو پہیہ گاڑی چلانے والوں کے لیے شدید خطرہ بن گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پانی بھرنے کے دوران معمولی چوٹیں عام ہیں۔ پہلے پانی جلد نکل جاتا تھا، لیکن اب گھروں میں بھی پانی داخل ہو رہا ہے۔ ایک اور مقامی شخص نے بتایا کہ ان کے گھر کا سارا سامان سیلابی پانی سے خراب ہو گیا ہے جس کی وجہ سے انہیں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔