پردھان کا کسی "سپر اسٹار" کی طرح استقبال شرمناک ہے: پرینکا گاندھی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 28-07-2026
پردھان کا کسی
پردھان کا کسی "سپر اسٹار" کی طرح استقبال شرمناک ہے: پرینکا گاندھی

 



نئی دہلی: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے منگل کو پارلیمنٹ احاطے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے بعض اراکینِ پارلیمنٹ کی جانب سے سابق مرکزی وزیر تعلیم دھرمندر پردھان کے استقبال پر حکمراں جماعت کو نشانہ بنایا اور کہا کہ ان کا کسی "سپر اسٹار" کی طرح استقبال کیا جانا شرمناک ہے۔

پرینکا گاندھی نے پارلیمنٹ احاطے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ الزام بھی لگایا کہ حکومت طلبہ کو دبانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا، "سب نے دیکھا کہ کن حالات میں مرکزی وزیر تعلیم دھرمندر پردھان نے استعفیٰ دیا، لیکن اگلے ہی دن پارلیمنٹ پہنچنے پر ان کا اس طرح استقبال کیا گیا جیسے وہ کوئی سپر اسٹار ہوں۔"

لوک سبھا رکن نے سوال کیا، "کیا یہ شرمناک نہیں ہے؟" کانگریس رہنما نے الزام لگایا کہ مودی حکومت پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ آج بھی طلبہ کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس معاملے کا حل بات چیت کے ذریعے نکالنا چاہیے، لیکن وہ اب بھی طلبہ کے پیچھے پڑی ہوئی ہے اور ان کا دمن کرنا چاہتی ہے۔

پرینکا گاندھی نے کہا کہ حکومت کو طلبہ کے تئیں اپنا رویہ تبدیل کرنا چاہیے۔ قابلِ ذکر ہے کہ دھرمندر پردھان اپنے استعفے کے بعد پیر کے روز پہلی مرتبہ پارلیمنٹ پہنچے تو بی جے پی کے بعض اراکینِ پارلیمنٹ نے ان کا استقبال کیا۔ بہار کے دربھنگہ سے لوک سبھا رکن گوپال جی ٹھاکر نے انہیں "پاگ" (متھلا کی روایتی ٹوپی) پہنائی۔