آر بی آئی کے نئے قوانین

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 02-12-2025
آر بی آئی کے نئے قوانین
آر بی آئی کے نئے قوانین

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
ملک میں سیونگ اکاؤنٹ میں رقم جمع کرنے والے لاکھوں لوگوں کے لیے آر بی آئی نے ایک بڑا فیصلہ سنایا ہے۔ بہت سے لوگ اس کنفیوژن میں رہتے تھے کہ کس بینک میں اکاؤنٹ کھلوایا جائے، کس بینک میں زیادہ سود ملے گا یا پھر کون سا بینک زیادہ محفوظ ہے۔ اب آر بی آئی کے نئے قانون نے اس الجھن کو بڑی حد تک ختم کر دیا ہے۔ کیونکہ اب ایک لاکھ روپے تک کی جمع رقم پر پورے ملک کے تمام کمرشل بینک ایک جیسا سود دیں گے۔ یعنی چاہے آپ کا اکاؤنٹ ایس بی آئی میں ہو، کینرا بینک میں ہو یا کسی اور بینک میں، اب سود میں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
آر بی آئی کے نئے قانون کے مطابق، تمام کمرشل بینکوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ سیونگ اکاؤنٹ میں ایک لاکھ روپے تک کی جو بھی رقم جمع ہو گی، اس پر سبھی بینک ایک ہی شرحِ سود لاگو کریں گے۔ اب تک ہر بینک اپنی الگ شرحِ سود دیتا تھا، جس کی وجہ سے عام لوگوں میں کنفیوژن رہتا تھا۔ مگر نئے اصول کے بعد اس رقم تک سود مکمل طور پر ایک جیسا ہو گا، جس سے کروڑوں صارفین کو سہولت ملے گی۔
یہ نیا اصول تمام بینکوں پر یکساں طور پر لاگو ہو گا۔ چاہے ملک کا سب سے بڑا سرکاری بینک ایس بی آئی ہو یا کینرا بینک، سیونگ اکاؤنٹ میں ایک لاکھ روپے تک سود ہر جگہ برابر ملے گا۔ اس سے خاص طور پر چھوٹے صارفین کو فائدہ ہو گا، کیونکہ اب وہ بینک کا انتخاب صرف خدمات اور سہولیات کو دیکھ کر کر سکیں گے، سود کی مختلف شرحوں کی بنیاد پر نہیں۔
ایک لاکھ روپے سے زیادہ رقم پر کیا ہوگا؟
یہ نیا اصول صرف ایک لاکھ روپے تک کی جمع رقم پر لاگو ہو گا۔ اس سے زیادہ بیلنس پر بینک اپنی الگ شرحِ سود طے کر سکیں گے۔ یعنی اگر کسی کے اکاؤنٹ میں ایک لاکھ سے زیادہ رقم ہے تو اس اضافی رقم پر سود پہلے کی طرح ہی بینک کے اپنے اصولوں کے مطابق ملے گا۔
سود کی گنتی کیسے ہوگی؟
آر بی آئی نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ روزانہ کے اختتام پر اکاؤنٹ میں موجود بیلنس کی بنیاد پر سود کا حساب کیا جائے گا۔ اس کا فائدہ یہ ہے کہ جس دن بیلنس زیادہ ہو گا، اس دن سود بھی زیادہ ملے گا۔
سود کب جمع کیا جائے گا؟
بینکوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ سیونگ اکاؤنٹ کا سود کم از کم ہر تین ماہ میں ایک بار ضرور جمع کیا جائے، تاکہ صارفین کو وقتاً فوقتاً اپنی کمائی کی معلومات ملتی رہے۔