ممبئی: ریزرو بینک (RBI) نے مالی سال 2025-26 کے لیے شرحِ نمو کے تخمینے کو 6.8 فیصد سے بڑھا کر 7.3 فیصد کر دیا ہے۔ یہ ترمیم جولائی-ستمبر سہ ماہی میں 8.2 فیصد کی مضبوط معاشی نمو کو دیکھتے ہوئے کی گئی ہے۔ آر بی آئی کے گورنر سنجے ملہوترا نے دو ماہ کی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں معاشی سرگرمیوں کو انکم ٹیکس اور جی ایس ٹی کی شرحوں میں مناسب تبدیلی، عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی، حکومت کے سرکاری سرمایہ جاتی خرچ میں اضافہ اور کم افراطِ زر کی وجہ سے سازگار مالیاتی ماحول کا فائدہ ملا ہے۔
جولائی-ستمبر سہ ماہی میں مجموعی گھریلو پیداوار (GDP) کی شرحِ نمو 8.2 فیصد رہی، جو تمام اندازوں سے زیادہ اور گزشتہ چھ سہ ماہیوں میں سب سے اُچھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وسیع معاشی اشاریے اکتوبر-دسمبر سہ ماہی میں بھی ملکی معاشی سرگرمیوں کے مضبوط رہنے کی طرف اشارہ کرتے ہیں، اگرچہ کچھ اعداد و شمار میں معمولی کمزوری بھی دکھائی دے رہی ہے۔
ملہوترا نے کہا، "تہواروں کی مانگ اور جی ایس ٹی میں کمی نے اکتوبر-نومبر میں گھریلو کھپت کو سہارا دیا ہے۔ دیہی مانگ مضبوط ہے جبکہ شہری مانگ میں بھی بتدریج بہتری آرہی ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری کی سرگرمیوں میں بھی بہتری کا رجحان ہے۔ غیر غذائی بینک قرضوں میں اضافہ اور صنعتوں میں کیپسٹی یٹیلائزیشن بڑھنے سے نجی سرمایہ کاری میں تیزی آنا شروع ہو گئی ہے۔
تاہم عالمی مانگ کمزور پڑنے کے سبب اکتوبر میں مال برآمدات میں تیزی سے کمی آئی اور خدمات کی برآمدات بھی سست رہیں۔ سپلائی کے شعبے میں حقیقی مجموعی ویلیو ایڈیڈ (GVA) میں 8.1 فیصد کی ترقی درج کی گئی، جس میں صنعت اور خدمات دونوں نے بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔ زرعی شعبے کو بھی بہتر خریف پیداوار، مناسب آبی ذخائر اور ربی کی اچھی بوائی کا سہارا مل رہا ہے۔
آر بی آئی گورنر نے کہا، "ان تمام عوامل کو مدِنظر رکھتے ہوئے، مستقل قیمتوں پر جی ڈی پی کی شرحِ نمو مالی سال 2025-26 میں 7.3 فیصد رہنے کا اندازہ ہے، جبکہ تیسری سہ ماہی میں یہ 7 فیصد اور چوتھی سہ ماہی میں 6.5 فیصد رہے گی۔" انہوں نے خطرات کو متوازن قرار دیتے ہوئے مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی میں 6.7 فیصد اور دوسری سہ ماہی میں 6.8 فیصد شرحِ نمو کا اندازہ بھی پیش کیا۔
بیرونی شعبے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (FDI) میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ بیرونِ ملک ایف ڈی آئی کے بہاؤ میں اضافے کے باوجود نیٹ ایف ڈی آئی میں بڑھوتری ہوئی ہے۔
تاہم غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاری (FPI) نے اس سال اپریل سے 3 دسمبر کے دوران مجموعی طور پر 70 کروڑ امریکی ڈالر کی نیٹ انخلا کیا ہے، جو بنیادی طور پر شیئر مارکیٹ میں فروخت کا نتیجہ ہے۔ بیرونی تجارتی قرضے (ECB) اور این آر آئی بینک ڈپازٹس کا بہاؤ بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں کم رہا ہے۔
ملک کا زرمبادلہ ذخیرہ 28 نومبر تک 686.2 بلین ڈالر تک پہنچ گیا، جو 11 ماہ سے زیادہ کی درآمدی ضرورت پوری کرنے کے لیے کافی ہے۔ ملہوترا نے کہا، "بھارت کا بیرونی شعبہ مضبوط ہے اور ہم اپنی بیرونی مالی ضرورتیں بآسانی پوری کر سکتے ہیں۔" انہوں نے مزید کہا کہ عالمی معاشی نمو پہلے کے اندازوں سے بہتر رہی ہے، لیکن بدلتے جیو پولیٹیکل اور تجارتی ماحول میں غیر یقینی صورتحال اب بھی برقرار ہے۔