ممبئی/ آواز دی وائس
ایشیا کپ میں ہندوستان اور پاکستان کے میچ کو گزشتہ روز کھیل وزارت کی جانب سے منظوری مل گئی، جس کے بعد سے ہی کئی لوگ اس میچ کو لے کر سوال کھڑے کر رہے ہیں۔ کئی سابقہ کرکٹرز نے اس میچ کو غلط قرار دیا ہے۔ اسی درمیان شیو سینا (یوبی ٹی) کے رہنما سنجے راوت نے بھی اس پر سوال اٹھایا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے میچ منسوخ کرنے کے لیے وزیرِاعظم نریندر مودی کو خط لکھا ہے۔
سنجے راوت نے یہ خط سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا كہ وزیراعظم جی! پہلگام حملے میں مارے گئے ہندوستانیوں کا خون ابھی تک سوکھا نہیں ہے اور ان کے خاندانوں کے آنسو ابھی تک نہیں تھمے ہیں، پھر بھی پاکستان کے ساتھ کرکٹ میچ کھیلنا غیر انسانی ہے۔
خط میں سنجے راوت نے کیا لکھا؟
اپنے خط میں سنجے راوت نے لکھا كہ وزیراعظم جی، جے مہاراشٹر! یہ خبر ہے کہ مرکزی کھیل وزارت کی طرف سے ایشیا کپ میں ہندوستان۔پاکستان کرکٹ میچ کے لیے ہری جھنڈی دے دی گئی ہے۔ یہ خبر ہندوستان کے ہر شہری کے لیے افسوسناک ہے۔ اس سے صاف ظاہر ہے کہ آپ اور وزارتِ داخلہ کی منظوری کے بغیر کچھ بھی نہیں ہوتا۔ میں آپ کو ایک محب وطن شہری کے جذبات بتا رہا ہوں۔
آپ کہتے ہیں کہ پاکستان کے خلاف آپریشن سیندور ختم نہیں ہوا ہے۔ اگر لڑائی اب بھی جاری ہے، تو ہم پاکستان کے ساتھ کرکٹ کیسے کھیل سکتے ہیں؟
پہلگام حملہ ایک پاکستانی دہشت گرد گروپ نے کیا تھا، جس نے 26 عورتوں کا سیندور مٹا دیا تھا۔ کیا آپ نے ان ماؤں اور بہنوں کے جذبات پر غور کیا ہے؟
کیا صدر ٹرمپ نے یہ دھمکی دی ہے کہ اگر ہم پاکستان کے ساتھ کرکٹ نہیں کھیلیں گے تو وہ تجارت بند کر دیں گے؟
آپ نے کہا تھا کہ “خون اور پانی ساتھ ساتھ نہیں بہہ سکتے۔” تو کیا خون اور کرکٹ ساتھ ساتھ بہہ سکتے ہیں؟
پاکستان کے خلاف میچوں میں بڑے پیمانے پر سٹہ بازی اور آن لائن جُوا شامل ہوتا ہے، جس میں مبینہ طور پر کئی بی جے پی ممبرا ن بھی شامل ہیں۔ گجرات کے ایک بڑے رہنما جئے شاہ فی الحال کرکٹ کے معاملات سنبھال رہے ہیں۔ کیا اس سے بی جے پی کو کوئی خاص مالی فائدہ ہوگا؟
سنجے راوت نے آگے لکھا كہ وزیراعظم جی! پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلنا نہ صرف ہمارے فوجیوں کی شجاعت کی توہین ہے بلکہ شیاما پرساد مکھرجی سمیت ان تمام شہداء کی بھی توہین ہے جنہوں نے کشمیر کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ یہ میچ دبئی میں ہو رہے ہیں۔ اگر یہ مہاراشٹر میں ہوتے، تو بالا صاحب ٹھاکرے کی شیو سینا انہیں روک دیتی۔ ہندوتوا اور محب وطنی کی بجائے پاکستان کے ساتھ کرکٹ کو ترجیح دے کر آپ ملک کی عوام کے جذبات کو حقیر سمجھ رہے ہیں۔ شیو سینا (اُدھو بالا صاحب ٹھاکرے) آپ کے اس فیصلے کی مذمت کرتی ہے۔