تمل ناڈو:رتھ یاترا حادثہ پر مسلم دانشوروں کا اظہار افسوس

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 27-04-2022
تمل ناڈو:رتھ یاترا حادثہ پر مسلم دانشوروں کا اظہار افسوس
تمل ناڈو:رتھ یاترا حادثہ پر مسلم دانشوروں کا اظہار افسوس

 

 

آواز دی وائس :نئی دہلی 

تمل ناڈو کے تھانجاور ضلع کے ایک مندر میں رتھ یاترا کے جلوس کے دوران کم از کم 11 افراد کرنٹ لگنے سے موت کی آغوش میں چلے گئے ۔ اس واقعہ نے ملک بھر میں افسردہ کردیا ۔ صدر جمہوریہ اور وزیر اعظم نے بھی اس حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اس کے ساتھ ملک کے ممتاز مسلم دانشوروں نے بھی سخت افسوس کا اظہار کیا ہے۔ہر کسی نے اس کو المناک اور تکلیف دہ قرار دیا ہے۔ساتھ ہی حکومت سے اس کی تحقیقات کرانے اور  متاثرہ خاندانوں کو مناسب معاوضہ دینے کا زور دیا ہے۔

ممتاز دانشور اور پدم شری پروفیسر اختر الواسع نے اس واقعہ پر سخت افسوس کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ تھنجاور مذہبی اعتبار سے بہت اہم سرزمین ہے۔ یہ حادثہ یقینا بہت افسوسناک اور تکلیف دہ ہے۔ اس وقت عقیدت مند اپنے مذہبی جذبہ میں سرشار ہوں گے ایسے میں ان کی موت ہر اعتبار سے تکلیف دہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اہل خاندان کے لیے بلکہ ہم سب کے لیے غم کا باعث ہے ۔ہم امید کرتے ہیں کہ حکومت تمل ناڈو ضئلع انتظامیہ سے تحقیقات کرائے گی کہ رتھ یاترا پرکیسے بجلی کے تار گرے،احتیاطی تدابیر کیوں نہیں کی گئیں۔

میری مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے اپیل ہے کہ جو لوگ جانیں گنوا چکے ہییں ان کے پسماندگان کو معاوضہ دے تاکہ ان کے زخموں پر مرہم رکھا جاسکے ۔

ممتاز دانشور ڈاکٹر خواجہ افتخار احمد نے اس حادثے سے یہ ناقابل تلافی انسانی نقصان ہوا ہے۔ میں بطور صدر، انٹر فیتھ ہارمونی فاؤنڈیشن آف انڈیا اس المناک حادثے پر افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔ ساتھ ہی سوگوار خاندانوں اور زخمیوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں انتظامیہ سے درخواست کروں گا کہ اس واقعے میں زخمی ہونے والوں کا مکمل خیال رکھا جائے۔

 یاد رہے کہ مرنے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب لوگ مندر کی رتھ یاترا پر کھڑے تھے، جب رتھ یاترا کالیمیڈو کے بالائی مندر میں ایک ہائی ٹرانسمیشن لائن سے رابطے میں آگئی۔

سید نصیر الدین چشتی ،آل انڈیا صوفی سجادہ نشین کونسل کے چیرمین نے بھی حادثہ پر افسوس ظاہر کیا ہے ۔

 انہوں نے کہا کہ مندر کی یاترا کے دوران ہونے والے المناک واقعے اور جانوں کے ضائع ہونے سے بارے میں سن کر میرا دل دہل گیا ہے۔ میں سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔ سانحہ میں جاں بحق ہونے والوں کی روحوں کو سکون ملے اور اللہ تعالیٰ متاثرہ لوگوں کو اس بڑا درد کو برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ میں مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے معاوضے کی رقم بڑھانے کی اپیل کرتا ہوں۔

،ممبئی کے انٹر نیشنل صوفی کارواں کے سربراہ مفتی منظور ضیائی نے بھی اس حادثہ پر سخت افسوس ظاہر کیا اور کہا کہ ایسی کسی بھی رتھ یاترا سے قبل انتظامیہ کو اس روٹ پر تمام احتیاطی اقدام کرنے ہوتے ہیں۔یقینا کہیں نہ کہیں چوک ہوئی ہے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ اس حادثہ میں مرنے والوں کے خاندانوں کو معاوضہ دیا جانا چاہیے ،ہم پسماندگان کے لیے دعا گو ہیں کہ وہ اس صدمہ کو برداشت کرسکیں جو یقینا ان کے لیے ناقابل تلافی ہوگا۔ بہرحال پورا ملک ان کے ساتھ کھڑا ہے۔اس وقت حکومت کو ہلاک شدگان کے اہل خاندان کو روزگار کا سہارا دینا چاہیے۔