ریپیڈو كو لگا بڑا جھٹكا

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 21-08-2025
ریپیڈو كو لگا بڑا جھٹكا
ریپیڈو كو لگا بڑا جھٹكا

 



نئی دہلی / آواز دی وائس
مرکزی صارفین کے تحفظ کے ادارے نے گمراہ کن اشتہارات اور غیر منصفانہ تجارتی طریقہ کار اپنانے پر آن لائن کیب پلیٹ فارم ریپیڈو پر 10 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ صارفین کے امور کی وزارت نے آج   یہ اطلاع دی۔ سی سی پی اے نے ریپیڈو کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان صارفین کو رقم واپس کرے جنہوں نے کمپنی کے "پانچ منٹ میں آٹو یا پھر پائیں 50 روپے" والے آفر کا استعمال کیا تھا، لیکن انہیں یہ رقم نہیں ملی۔ ریگولیٹر نے ریپیڈو کے اشتہارات کی جانچ کے بعد یہ کارروائی کی، جن میں "پانچ منٹ میں آٹو یا 50 روپے پائیں" اور "گارنٹیڈ آٹو" کا وعدہ کیا گیا تھا۔
سی سی پی اے نے پایا کہ یہ اشتہارات جھوٹے اور صارفین کو گمراہ کرنے والے ہیں۔ قومی صارفین ہیلپ لائن کے اعداد و شمار سے پتہ چلا کہ جون 2024 سے جولائی 2025 کے درمیان ریپیڈو کے خلاف شکایات کی تعداد بڑھ کر 1,224 ہو گئی، جبکہ اس سے پچھلے 14 مہینوں میں یہ تعداد 575 تھی۔ تحقیقات سے یہ بھی معلوم ہوا کہ ریپیڈو کے اشتہارات میں "ڈسکلیمر" بہت چھوٹے یا ایسی طرز میں دکھائے گئے تھے کہ انہیں پڑھ پانا انتہائی مشکل تھا۔
اصل میں 50 روپے کا وعدہ حقیقی 50 روپے نہیں تھا بلکہ ’50 روپے تک‘ مالیت کے "ریپیڈو سکے" تھے جنہیں صرف موٹر سائیکل کی سواری کے لیے استعمال کیا جا سکتا تھا۔ ان سکوں کی مدت بھی صرف سات دن کے اندر ختم ہو جاتی تھی۔
اتھارٹی نے یہ بھی پایا کہ اشتہارات میں گارنٹی کے دعوے کو نمایاں انداز میں دکھایا گیا، لیکن شرائط و ضوابط میں کہا گیا تھا کہ یہ یقین دہانی دراصل ڈرائیورز کی طرف سے تھی، نہ کہ ریپیڈو کی طرف سے۔ یہ کمپنی کی طرف سے اپنی ذمہ داری سے بچنے کی کوشش تھی۔
وزارت نے اپنے بیان میں کہا كہ اس طرح کی پابندیوں نے آفر کی اہمیت کو کافی حد تک کم کر دیا اور صارفین کو ناحق کم وقت کے اندر ریپیڈو کی دوسری سروس استعمال کرنے پر مجبور کر دیا۔
گمراہ کن اشتہارات اور سپورٹس کی روک تھام کے لیے جاری کردہ 2022 کے رہنما اصولوں کے مطابق "ڈسکلیمر"  مرکزی دعووں کی تردید نہیں کر سکتے اور نہ ہی اہم معلومات چھپا سکتے ہیں۔ سی سی پی اے نے کہا کہ ریپیڈو نے اپنے اشتہارات میں اہم شرائط اور وقت کی حد اس انداز میں چھپائی کہ وہ مرکزی دعوے کے برابر نمایاں طور پر نظر نہیں آ رہی تھیں۔
ریپیڈو 120 سے زیادہ شہروں میں کام کرتا ہے اور اس نے کئی علاقائی زبانوں میں تقریباً 548 دن تک گمراہ کن مہم چلائی۔
صارفین کی بڑی تعداد میں شکایات سروس کی کمی، ریفنڈ نہ ملنے، زائد رقم وصول کرنے اور وعدے کے مطابق سہولت نہ دینے سے متعلق تھیں۔ زیادہ تر شکایات کا، کمپنی کے ساتھ شیئر کیے جانے کے باوجود، کوئی حل نہیں نکل سکا۔ سی سی پی اے نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی گارنٹی یا یقین دہانی والے اشتہارات سے محتاط رہیں جن میں شرائط واضح نہ ہوں۔ اتھارٹی نے ریپیڈو کو حکم دیا ہے کہ وہ فوری طور پر گمراہ کن اشتہارات بند کرے۔