ریپ متاثرہ کیس: سپریم کورٹ کی برہمی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 10-09-2025
ریپ متاثرہ کیس: سپریم کورٹ کی برہمی
ریپ متاثرہ کیس: سپریم کورٹ کی برہمی

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے مغربی بنگال کی ایک ذیلی عدالت میں ایک زیادتی کی متاثرہ کی ٹکڑوں ٹکڑوں میں ہوئی گواہی پر سخت اعتراض ظاہر کرتے ہوئے یہ سوال اٹھایا کہ آخر کیوں اس کی گواہی چار ماہ کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ جسٹس جے بی پاردیوالا اور جسٹس کے وی وشوناتھن کی بنچ نے کہا کہ ذیلی عدالت اور اس مقدمے میں استغاثہ کی ایجنسی مرکزی تحقیقاتی بیورو (سی بی آئی) کو اس سلسلے میں وضاحت دینی ہوگی۔

بنچ کو بتایا گیا کہ مبینہ متاثرہ بطور گواہ کٹہرے میں پیش ہو چکی ہے اور اپنی شہادت دے رہی ہے۔ ذیلی عدالت نے اس سے مزید جرح کے لیے 18 دسمبر کی تاریخ طے کی ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا، ہم یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ ایک بار جب گواہ، اور خاص طور پر متاثرہ خود کٹہرے میں آ کر گواہی دے رہی ہے تو اس سے جرح کو ٹکڑوں میں کیوں کیا جا رہا ہے؟

ذیلی عدالت کو متاثرہ سے مزید پوچھ گچھ چار ماہ کے لیے کیوں ملتوی کرنی چاہیے؟ ذیلی عدالت کو اس سلسلے میں وضاحت دینی ہوگی۔ بنچ نے کہا کہ مزید جرح کے لیے اتنا وقت دے کر ذیلی عدالت نے انجانے میں ملزم کو استغاثہ کے گواہوں سے چھیڑ چھاڑ کا موقع فراہم کر دیا ہے۔ عدالت نے کہا، اسے ہمیں نظرانداز نہیں کرنا چاہیے کیونکہ یہ ایک سنگین تشویش کا معاملہ ہے۔

بنچ نے یہ بھی کہا کہ اس معاملے میں سی بی آئی کو بھی وضاحت دینی ہوگی، خاص طور پر اس مقدمے سے متعلق سرکاری وکیل کو۔ سپریم کورٹ سی بی آئی کی ایک عرضی پر سماعت کر رہا تھا جس میں کلکتہ ہائی کورٹ کے گزشتہ سال ستمبر میں ایک ملزم کو ضمانت دیے جانے کے حکم کو چیلنج کیا گیا ہے۔