رام پور:پھولوں کی انوکھی ہولی جس کا اہتمام مسلمانوں نے کیا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 3 Years ago
پھولوں کی ہولی کاخوبصورت منظر
پھولوں کی ہولی کاخوبصورت منظر

 

 

رام پور:رنگوں کا تہوارہولی قومی بھائی چارہ کے ساتھ منایاجارہا ہے۔ اس کا ایک دلکش رنگ رام پور میں دیکھنے کو ملاجہاں پھولوں کی پنکھڑیوں سے ہولی کھیلی گئی۔ اس جشن میں ہندواور مسلمان دونوں شریک ہوئے اور ایک دوسرے پرپھولوں کی بارش کی۔ آل انڈیا مسلم سنگھ کے قومی صدر فرحت علی خان رام پور ضلع کے امبیڈکر پارک پہنچے اور تمام ہندو اور مسلمان ان کے ساتھ جمع ہوئے۔ ان سب نے پھولوں کی ہولی کھیلی اور ایک دوسرے کو گلاب پیش کرکے مبارک بادیاں دیں۔

فرحت علی خان نے کہا کہ مسلم سنگھ ایک دہائی سے پھولوں کی ہولی کا اہتمام کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ صوفی، سنتوں کی تعلیمات سے متاثرہوکر انھوں نے اس کا آغاز کیاہے۔ انھوں نے کہا جب ہم خوشی کا اظہار کرتے ہیں تو ہم اسے رنگوں سے کرتے ہیں۔ سبز ، سرخ ، نیلے ، پیلے رنگ ، جب یہ سارے رنگ ایک جگہ جمع ہوجاتے ہیں تو ، ہولی بن جاتی ہے۔ اسی طرح جب ہندو ، مسلمان ، سکھ ، عیسائی ایک جگہ جمع ہوتے ہیں تو ہندوستان بنتاہے۔

امبیڈکرپارک (رامپور)میں ہولی کادلکش منظر

ہندوستان کی روایت پرعمل کرنا ہر ہندوستانی کی ذمہ داری ہے۔ انھوں نے کہایہ رنگ نہیں ہے ، یہ ہماری محبت ہے۔ جسے ہم ہر ہندوستانی کی طرف پھینک رہے ہیں۔ اس ہولی پر ، ہر ایک کو دعا کرنی چاہئے کہ صرف ہندوستان ہی نہیں ، بلکہ پوری دنیا کو کورونا جیسی وبا سے نجات ملے۔ اس دوران ، مکیش پاٹھک نے کہا کہ یہ سارا معاملہ اپنے آپ میں ایک دلکش پیغام لے کر آیا ہے۔ سب جانتے ہیں کہ رام پور میں اقلیتوں کی آبادی زیادہ ہے۔

پھر بھی آج عوامی مقامات پر ہماری مسلمان بہنیں ، بچے اور ہم ہندو سب ایک جگہ پر ہولی کھیل رہے ہیں۔ ہولی کھیلنے والوں میں شامل ماریہ نے کہا کہ مسلم فیڈریشن ہر سال پھولوں کی ہولی کھیلتی ہے۔ ہولی بھائی چارے اور اتحاد کا تہوار ہے۔ آج ہم سب ہندو مسلم بہن بھائی مل کر ہولی کھیل رہے ہیں۔ آج ہم نے پھولوں اور گلالوں سے ہولی کھیلی۔ یہ پیغام سب کے لئے ہے ، ہر ایک کو مل کر تہوار منانا چاہئے۔