آر ایس ایس کے وجے دشمی تہوار کے مہمان خصوصی ہوں گے رام ناتھ کووند

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 23-08-2025
آر ایس ایس کے وجے دشمی تہوار کے مہمان خصوصی ہوں گے رام ناتھ کووند
آر ایس ایس کے وجے دشمی تہوار کے مہمان خصوصی ہوں گے رام ناتھ کووند

 



نئی دہلی / آواز دی وائس
راشٹریہ سویم سیوک سنگھ نے سابق صدرِ جمہوریہ رام ناتھ کووند کو اپنے صد سالہ تقریب کا مہمانِ خصوصی بنایا ہے۔ آر ایس ایس اس سال اپنی بنیاد کی 100ویں سالگرہ منا رہا ہے۔ یہ تقریب صبح 7 بج کر 40 منٹ پر ریشم باغ، ناگپور میں منعقد کی جائے گی۔ آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت بھی اس موقع پر خطاب کریں گے۔
کے۔ آر۔ نارائنن کے بعد رام ناتھ کووند ملک کے دوسرے دلت صدر بنے۔ ان کی تقرری اُس وقت ہوئی جب ملک میں ذات پات اور نمائندگی جیسے مسائل زیرِ بحث تھے۔ آر ایس ایس پر پہلے یہ الزام لگتا رہا کہ اس کا نظریہ برہمن وادی ہے یعنی یہ اعلیٰ ذاتوں کا ساتھ دیتا ہے۔ لیکن پچھلے برسوں میں آر ایس ایس نے اپنی مہم ’’سماجی سمرستا‘‘ یعنی تمام ذاتوں میں برابری اور میل جول کے ذریعے خود کو ایک ہمہ گیر تنظیم کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ سنگھ کے بڑے رہنما کئی بار کہہ چکے ہیں کہ ذات پات کی بنیاد پر امتیاز ختم کرنا صرف ایک حکمتِ عملی نہیں بلکہ ہندوؤں کی یکجہتی کے ان کے مشن کا لازمی حصہ ہے۔
وجے دشمی اتسو، جو کہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کی بنیاد کی صد سالہ تقریبات کے موقع پر منعقد کیا جا رہا ہے، 2 اکتوبر 2025 کو صبح 7 بج کر 40 منٹ پر ریشم باغ، ناگپور میں ہوگا۔ اس موقع پر معزز سابق صدرِ جمہوریہ ہند، جناب رام ناتھ کووند جی شرکت کریں گے۔
پچھلے چند برسوں کے مہمانِ خصوصی
سال 2024 میں آر ایس ایس نے سابق اسرو چیف کے۔ رادھا کرشنن کو ’’وجے دشمی‘‘ تقریب میں مہمانِ خصوصی بنایا تھا۔ رادھا کرشنن نے ہی پہلی ہی کوشش میں ہندوستان کو مریخ تک پہنچایا تھا۔ ان کا پورا نام ڈاکٹر کوپّلّیل رادھا کرشنن ہے۔ وہ ایک مشہور ہندوستانی سائنس داں ہیں۔ رادھا کرشنن کی پیدائش 29 اگست 1949 کو کیرالا کے ایرنجالاکوڑا میں ہوئی۔
سال 2022 میں اسی ’’وجے دشمی اتسو‘‘ پروگرام میں ایورسٹ سر کرنے والی پدم شری سنتوش یادو کو مہمانِ خصوصی بنایا گیا تھا۔ سنتوش یادو دو مرتبہ ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والی پہلی خاتون کوہ پیما ہیں۔ یہ پہلا موقع تھا جب کسی خاتون کو اس تقریب کا مہمانِ خصوصی بنایا گیا تھا۔
آر ایس ایس کی بنیاد کب رکھی گئی؟
راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کو عام طور پر ’’سنگھ‘‘ کہا جاتا ہے۔ یہ ایک ہندو قوم پرست تنظیم ہے۔ اس کی بنیاد 1925 میں ناگپور میں ڈاکٹر کیشو بلی رام ہیڈگیوار نے رکھی تھی۔ یہ مانا جاتا ہے کہ ڈاکٹر ہیڈگیوار ہندو قوم پرست مفکر ونایک دامودر ساورکر کے خیالات سے متاثر تھے۔ ابتدا میں ہیڈگیوار کچھ وقت کے لیے کانگریس پارٹی سے جڑے رہے، لیکن نظریاتی اختلافات کے باعث انہوں نے کانگریس چھوڑ دی اور آر ایس ایس کی بنیاد ڈالی۔