آواز دی وائس : نئی دہلی
لیجئے! ہندوستان میں بھی رونق رمضان کا آغازہوگیا ۔ بدھ کوعالم عرب میں اور پھر جمعرات کو دنیا کے مختلف ممالک میں رمضان المبارک نے دستک دیدی ہے۔عالم اسلام کی تین سب سے مقدس مساجد مکہ میں مسجد حرم اورمدینہ میں مسجد نبوی کے ساتھ یروشلم قبلہ اول مسجد اقصی کے ساتھ دنیا کے کونے کونےمیں مساجد میں نماز تراویح کا آغاز ہوچکا ہے ۔ متعدد عرب اور مسلم ممالک میں رمضان المبارک کا آغاز بدھ سے ہو گیا،جبکہ متعدد ممالک ہندوستان سمیت ترکی عمان سنگاپور اور آسٹریلیا میں جمعرات سےروزے ہوں گے
ملک کے مختلف علاقوں سے چاند نظر آنے کی اطلاعات موصول ہوئیں جن کی شرعی شہادت اور تصدیق کے بعد مفتیان کرام نے رمضان المبارک کے آغاز کا اعلان کر دیا۔ دہلی اور این سی آر میں موسم ابر آلود ہونے کی وجہ سے چاند نظر آنے کا امکان نہ ہونے کے برابر تھا۔ سب سے پہلے بہار اور آسام سے رویت ہلال کی خبریں سامنے آئیں جس کے بعد یہ طے پایا کہ پہلا روزہ جمعرات 19 فروری کو رکھا جائے گا۔
امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ کے قاضی رضوان ندوی نے بتایا کہ مختلف مقامات سے چاند دیکھے جانے کی اطلاعات ملی ہیں جن کی جانچ کے بعد اعلان کیا گیا۔ امارت شرعیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ رانچی لوہر دگا دربھنگہ اور گیا سمیت کئی علاقوں میں چاند نظر آیا ہے اس لیے رمضان المبارک کا آغاز ہو چکا ہے۔
ادارہ شرعیہ اورنگ آباد اور ملی کونسل بہار نے بھی رویت کی تصدیق کرتے ہوئے رمضان کے آغاز کا اعلان کیا۔ ادارہ شرعیہ کے قاضی فیضان سرور مصباحی کے مطابق اورنگ آباد بہار میں آسمان صاف تھا اور عام طور پر چاند دیکھا گیا جس کے بعد باضابطہ اعلان کر دیا گیا۔
قابل غور بات یہ ہے کہ رمضان اسلامی قمری تقویم کا نواں مہینہ ہے۔ بعض ممالک مقامی سطح پر چاند کی رویت پر انحصار کرتے ہیں جبکہ دیگر ریاستیں سائنسی اور فلکیاتی حسابات کو ترجیح دیتی ہیں ۔
سعودی عرب میں شام رمضان کا چاند نظر آ گیا اور بدھ یکم رمضان ہو گا۔ قطر، متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین، فلسطین، سوڈان، صومالیہ اور جبوتی کی مذہبی اتھارٹیز نے بھی بدھ کو پہلا روزہ قرار دیا ہے۔عراق کے سنی وقف بورڈ نے بھی بدھ سے رمضان شروع ہونے کا اعلان کیا جبکہ عراقی شیعہ علما نے بھی اسی دن سے روزوں کی ابتدا کی تصدیق کی ہے۔ یمن میں حوثی گروپ کے زیر انتظام علاقوں میں بھی بدھ سے روزے رکھے جائیں گے۔ لبنان میں سنی مسلمانوں کے لیے بدھ کو پہلا روزہ ہوا۔ جس کا اعلان گرینڈ مفتی شیخ عبداللطیف دریان نے کیا جمعرات سے روزے رکھنے والے ممالک دوسری جانب مصر میں منگل کی شام چاند نظر نہ آنے کے باعث رمضان المبارک جمعرات سے شروع ہو ا۔ یہ اعلان مصر کے گرینڈ مفتی نذیر عیاد کی جانب سے کیا گیا۔ اردن، شام، انڈونیشیا، پاکستان، ایران، تیونس، الجزائر اور ملائیشیا نے بھی جمعرات کو پہلا روزہ قرار دیا ہے۔ ترکی، عمان، سنگاپور اور آسٹریلیا میں بھی جمعرات سے رمضان کا آغاز ہوا کیونکہ وہاں حکام نے فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر نئے مہینے کے آغاز کی تصدیق کی ہے۔
شاہ سلمان کا پیغام اور عالم اسلام کے لیے دعا
شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے رمضان المبارک کے موقع پر مملکت کے شہریوں، مقیم غیر ملکیوں اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارک باد پیش کی۔ سرکاری پیغام میں کہا گیا کہ یہ بابرکت مہینہ رحمتوں اور مغفرت کا مہینہ ہے جس میں عبادت کا اجر کئی گنا بڑھا دیا جاتا ہے۔ انہوں نے اللہ تعالی کا شکر ادا کیا کہ حرمین شریفین اور حجاج و عمرہ زائرین کی خدمت کا شرف حاصل ہے اور اس ذمہ داری کو پوری لگن سے نبھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ پیغام میں مملکت کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کے ساتھ ساتھ فلسطین، امت مسلمہ اور پوری دنیا میں امن و استحکام کے قیام کی بھی التجا کی گئی
مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں پہلی تراویح کا روح پرور منظر
منگل کی شب رمضان المبارک کے آغاز پر مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں لاکھوں فرزندان اسلام نے عشاء اور تراویح کی نمازیں باجماعت ادا کیں۔ مقامی شہریوں، مقیم غیر ملکیوں اور دنیا کے مختلف ممالک سے آنے والے عمرہ زائرین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور عبادت کا روحانی ماحول دیدنی رہا۔ نمازیوں کی سہولت کے لیے انتظامیہ نے پیشگی تیاریوں کو حتمی شکل دی تھی تاکہ ہر آنے والا اطمینان اور سکون کے ساتھ عبادت کر سکے
Surat Al-Baqarah | Ayah 60 - 91 | Shaykh Al Waleed Al-Shamsaan pic.twitter.com/5UXOknCQdA
— 𝗛𝗮𝗿𝗮𝗺𝗮𝗶𝗻 (@HaramainInfo) February 18, 2026
حرمین شریفین میں جامع انتظامات اور جدید سہولیات
حرمین شریفین کی جنرل اتھارٹی نے رمضان کے لیے ایک جامع آپریشنل منصوبے کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد خدمات کے معیار کو بہتر بنانا اور انتظامی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانا ہے۔ زائرین کی سہولت کے لیے آب زم زم کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا اور مسجد الحرام کو معطر رکھنے کے خصوصی انتظامات کیے گئے۔ پانچ زبانوں میں ڈیجیٹل آگاہی اسکرینیں فعال کی گئیں تاکہ رہنمائی میں آسانی ہو۔ مختلف مقامات پر گراؤنڈ یونٹس تعینات کیے گئے ہیں جن کے پاس فوری ترجمہ کرنے والی ڈیوائسز موجود ہیں تاکہ دنیا بھر سے آنے والے زائرین کو بروقت اور درست مدد فراہم کی جا سکے
مسجد اقصیٰ میں پہلی تراویح ہزاروں فلسطینیوں کی شرکت
یروشلم میں ہزاروں فلسطینیوں نے رمضان المبارک کی پہلی تراویح منگل کی شام مسجد اقصیٰ کے احاطے میں ادا کی۔ نمازیوں نے مسجد کے اندرونی ہالوں اور کھلے صحنوں کو بھر دیا جبکہ عشاء اور تراویح کی امامت شیخ یوسف ابو سنینہ نے کرائی۔ عینی شاہدین کے مطابق نماز کے دوران اسرائیلی پولیس کی بھاری نفری پورے احاطے میں موجود رہی اور اہلکار نمازیوں کے درمیان گشت کرتے دکھائی دیدیے اس سے قبل یروشلم اور فلسطینی علاقوں کے گرینڈ مفتی شیخ محمد حسین نے اعلان کیا کہ بدھ کو یکم رمضان ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ اسلامی شرعی اصولوں کے مطابق چاند کی رویت کی تصدیق ہو چکی ہے اور 18 فروری 2026 اسلامی سال 1447 ہجری کے رمضان کا پہلا دن ہے
Beautiful Imitation of Sheikh Ali Jaber (May Allah have mercy on him) in Masjid Al Aqsa, Al Quds pic.twitter.com/UpxltbySBl
— Inside the Haramain (@insharifain) April 8, 2024
بڑھتی ہوئی کشیدگی اور پابندیاں
تراویح ایسے وقت میں ادا کی گئی جب مقبوضہ مشرقی یروشلم میں کشیدگی عروج پر ہے خصوصاً قدیم شہر اور مسجد اقصیٰ کے اطراف۔ اسرائیلی حکام نے سکیورٹی اقدامات سخت کر دیے ہیں جن میں گرفتاریوں اور مذہبی شخصیات و سماجی کارکنوں پر عارضی پابندیاں شامل ہیں۔یورو میڈیٹرینین ہیومن رائٹس مانیٹر کے مطابق مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں رمضان سے قبل پابندیاں مزید سخت کر دی گئی ہیں جس سے عبادت گاہوں تک رسائی متاثر ہوئی ہے۔ یروشلم گورنریٹ کے اعداد و شمار کے مطابق 2026 کے آغاز سے اب تک 250 سے زائد فلسطینیوں کو مسجد اقصیٰ میں داخلے سے روکنے کے احکامات جاری کیے جا چکے ہیں۔ پیر کی شام مسجد اقصیٰ کے امام شیخ محمد العباسی کو اسرائیلی پولیس نے حراست میں لیا اور بعد ازاں ایک ہفتے کے لیے مسجد میں داخلے پر پابندی عائد کر کے رہا کر دیا

امریکا اور کینیڈا کی جانب سے رمضان کی مبارکباد
ڈونالڈ ٹرمپ نے رمضان المبارک کے آغاز سے قبل اپنے پیغام میں کہا کہ وہ اس بابرکت مہینے کا استقبال کرنے والوں کو نیک تمنائیں پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے رمضان کو روحانی تجدید غور و فکر اور اللہ کی بے شمار نعمتوں پر شکر گزاری کا موسم قرار دیا۔ ان کے مطابق یہ مقدس مہینہ دعا اور روزے کے ذریعے خاندانی اور سماجی رشتوں کو مضبوط بناتا ہے اور ہمدردی خیرات رحم دلی اور عاجزی جیسی مشترکہ اقدار کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے مذہبی آزادی کو قوم کی طاقت اور خوشحالی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے گھروں میں خوشی دنیا بھر میں امن اور آئندہ سال کے لیے برکت کی دعا بھی کی۔
کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنے نے بھی اسی نوعیت کا پیغام جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا اور دنیا بھر کے مسلمان غروب آفتاب کے ساتھ رمضان کا آغاز کریں گے۔ آنے والے ہفتوں میں خاندان اور دوست گھروں اور مساجد میں عبادت اور غور و فکر کے لیے جمع ہوں گے اور سحر سے غروب تک روزہ رکھنے کے بعد افطار کے ذریعے روزہ کھولیں گے۔ انہوں نے رمضان کو شکرگزاری اور روحانی خوشی کا مہینہ قرار دیا۔
انہوں نے کینیڈا میں اسلاموفوبیا کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نفرت کے خلاف جدوجہد حکومت کی ترجیح ہے اور ملک میں مذہبی تعصب کی کوئی گنجائش نہیں۔ ان کے بقول ہر شہری کو آزادی تحفظ اور ترقی کے مساوی مواقع حاصل ہونے چاہئیں۔ آخر میں انہوں نے پُرامن اور بابرکت رمضان کی دعا دیتے ہوئے رمضان مبارک کہا