راکھی ساونت نے امیتابھ بچن کو ریکھا سے شادی کا مشورہ دیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 11-02-2026
راکھی ساونت نے امیتابھ بچن کو ریکھا سے شادی کا مشورہ دیا
راکھی ساونت نے امیتابھ بچن کو ریکھا سے شادی کا مشورہ دیا

 



ممبئی: بالی ووڈ کی متنازع اور بے باک اداکارہ راکھی ساونت ایک بار پھر اپنے بیان کی وجہ سے خبروں کی زینت بن گئی ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک ویڈیو کلپ میں راکھی ساونت نے نہ صرف امیتابھ بچن اور ریکھا کے تعلق پر تبصرہ کیا بلکہ جیا بچن کے اندازِ لباس اور شخصیت سے متعلق بھی تنقیدی رائے دی، جس پر صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راکھی ساونت نے کہا کہ وہ امیتابھ بچن کو مشورہ دینا چاہتی ہیں کہ وہ ریکھا سے دوسری شادی کر لیں۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ “آج کل ویسے بھی دو شادیوں کا ٹرینڈ چل رہا ہے۔ راکھی نے یہ بھی کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آتا کہ امیتابھ بچن نے شادی کے لیے جیا بچن کا انتخاب کیوں کیا اور ریکھا کو کیوں نہیں چنا۔

انہوں نے جیا بچن کے لباس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ کروڑ پتی اور ارب پتی ہونے کے باوجود اچھے کپڑے نہیں پہنتیں۔ اداکارہ نے مزید کہا کہ اگر جیا بچن انہیں اپنی سالگرہ پر مدعو کریں تو وہ انہیں تحفے میں ایک خوبصورت سوٹ دیں گی۔ ساتھ ہی انہوں نے مشورہ دیا کہ جیا بچن کو اپنے بال ڈائی کروانے اور چہرے پر بوٹاکس کروانے پر بھی غور کرنا چاہیے کیونکہ وہ ایک بڑے اسٹار کی اہلیہ ہیں۔

راکھی ساونت نے گفتگو کے دوران یہ بھی کہا کہ اگر انہیں امیتابھ بچن کے لیے جیا اور ریکھا میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہو تو وہ ریکھا کو ترجیح دیں گی۔ راکھی ساونت کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی ہے، جہاں کچھ لوگ اسے محض شہرت حاصل کرنے کی کوشش قرار دے رہے ہیں جبکہ بعض اسے غیر ضروری تنقید اور ذاتی معاملات میں مداخلت سمجھ رہے ہیں۔