وندے ماترم کی توہین پر سزا ،بل راجیہ سبھا سے منظور

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 29-07-2026
وندے ماترم کی توہین پر سزا ،بل راجیہ سبھا سے منظور
وندے ماترم کی توہین پر سزا ،بل راجیہ سبھا سے منظور

 



نئی دہلی: راجیہ سبھا نے بدھ کے روز ایک ایسا بل منظور کر لیا، جس کے تحت قومی نغمہ "وندے ماترم" کی گائیکی میں جان بوجھ کر رکاوٹ ڈالنا یا اس کی توہین کرنا قابلِ سزا جرم ہوگا، جس پر تین سال تک قید، جرمانہ یا دونوں کی سزا دی جا سکے گی۔ ایوانِ بالا نے مختصر بحث کے بعد "راشٹر گورو اپمان نوارن (ترمیمی) بل، 2026" کو صوتی ووٹنگ سے منظور کر لیا۔

بل کی منظوری کے وقت کانگریس سمیت اپوزیشن کے ارکان ایوان میں موجود نہیں تھے، کیونکہ وہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی عدم موجودگی اور دیگر معاملات پر احتجاج کرتے ہوئے واک آؤٹ کر گئے تھے۔ بل پر بحث کا جواب دیتے ہوئے مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے کہا کہ یہ قانون ملک کے عوام کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے لایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وندے ماترم تحریکِ آزادی کے دوران ہندوستانیوں کا محبوب قومی نعرہ تھا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس نے اپنی خوشامدی سیاست کے باعث آزادی کے بعد وندے ماترم کو وہ مقام نہیں ملنے دیا جس کا وہ مستحق تھا۔ ان کے مطابق اسی وجہ سے حکومت نے اس کے صرف دو بندوں کو سرکاری طور پر تسلیم کیا اور سرکاری تقریبات میں بھی صرف وہی دو بند گائے جاتے رہے۔

نتیانند رائے نے کہا کہ آزادی کے بعد پہلے ہی دن ملک کے پہلے وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی ہدایت پر پنڈت اونکار ناتھ ٹھاکر نے آل انڈیا ریڈیو سے مکمل وندے ماترم پیش کیا تھا۔ یہ بل 1971 کے اصل قانون میں ترمیم کا انتظام کرتا ہے۔

بل کے اغراض و مقاصد میں کہا گیا ہے کہ جس طرح قومی ترانے کی گائیکی میں رکاوٹ ڈالنا جرم ہے، اسی طرح قومی نغمہ وندے ماترم کی گائیکی کو جان بوجھ کر روکنا یا اس کے دوران منعقدہ اجتماع میں خلل ڈالنا بھی قابلِ سزا جرم قرار دیا جا رہا ہے۔ بل میں یہ بھی یاد دلایا گیا ہے کہ 24 جنوری 1950 کو دستور ساز اسمبلی میں ڈاکٹر راجندر پرساد نے کہا تھا کہ "وندے ماترم" کو "جن گن من" کے مساوی احترام اور درجہ حاصل ہوگا۔ بل کے مطابق موجودہ قانون میں وندے ماترم کی توہین کو روکنے کے لیے کوئی مخصوص قانونی انتظام موجود نہیں تھا، اسی خلا کو پُر کرنے کے لیے یہ ترمیم کی گئی ہے، جس کے تحت اس کی توہین پر تین سال تک قید، جرمانہ یا دونوں کی سزا دی جا سکے گی۔