راجوری (جموں و کشمیر): جموں و کشمیر کے راجوری میں گورنمنٹ میڈیکل کالج کے انٹرن ڈاکٹروں نے ہفتے کے روز اپنا اسٹائپنڈ بڑھانے کے مطالبے کو لے کر احتجاج کیا۔ احتجاج کرنے والے ایک انٹرن ڈاکٹر نے اے این آئی کو بتایا، ’’آج ہمارے احتجاج کا چھٹا دن ہے اور ہمارا صرف ایک مطالبہ ہے—اسٹائپنڈ میں اضافہ۔ 2023 میں اسٹائپنڈ بڑھانے کے لیے ایک کمیٹی بنائی گئی تھی، لیکن اس کے بعد سے ہمارے اسٹائپنڈ کے بارے میں نہ کوئی بات چیت ہوئی اور نہ ہی اس پر عمل درآمد کیا گیا۔‘‘
ایک اور انٹرن ڈاکٹر نے کہا، ’’اب بہت دیر ہو چکی ہے۔ ہمارے لیے یہ تشویش کی بات ہے کہ اگر ڈاکٹروں کو اپنے بنیادی حقوق کے لیے سڑکوں پر اترنے پر مجبور ہونا پڑے۔ ہمیں صرف زبانی یقین دہانیاں نہیں چاہئیں، جیسے ’ہم کر دیں گے‘، ’ہو جائے گا‘، ’دیکھیں گے‘ یا ’اس پر غور کریں گے‘۔ ہمیں ٹھوس کارروائی اور فوری عمل درآمد چاہیے۔ کسی بڑے افسر نے ہماری پریشانی پر بات کرنے یا اسے حل کرنے کے لیے ہم سے رابطہ نہیں کیا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ان کا اسٹائپنڈ کم از کم 12,300 روپے سے بڑھا کر 30,000 روپے کیا جانا چاہیے۔
جموں و کشمیر کی وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے سری نگر میں صحافیوں سے کہا کہ ’’معاملہ زیر کارروائی ہے۔‘‘ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں سکینہ ایتو کے حوالے سے کہا کہ ’’ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس انٹرن کی مانگیں جائز ہیں اور معاملہ زیر کارروائی ہے۔‘‘ ایک اور مظاہرین نے کہا کہ چھ دن سے جاری احتجاج کا میڈیکل طلبہ پر ذہنی اثر پڑ رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ احتجاج 31 اگست کو شروع کیا گیا تھا اور گزشتہ روز سکریٹریٹ میں وزیر اعلیٰ کے ساتھ ایک میٹنگ ہوئی، جس میں مختلف علاقوں کے نمائندوں کو بلایا گیا تھا۔ حکومت نے ان سے ایک ماہ کا وقت مانگا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’اگر وہ وقت مانگ رہے ہیں تو ہم انہیں وقت دینے کے لیے تیار ہیں، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم اپنا احتجاج واپس لے لیں گے۔ جب تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوجاتا، ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ میں ذہنی دباؤ ہے اور یہ دباؤ اسی وقت ختم ہوگا جب انہیں باعزت اسٹائپنڈ ملے گا۔
شرما نے اے این آئی سے کہا، ’’براہ کرم اس معاملے پر جلد از جلد غور کریں، ورنہ ہم جاری ایمرجنسی خدمات سے بھی خود کو الگ کرلیں گے، جس کے بعد مریضوں کی دیکھ بھال میں مشکلات پیدا ہونا شروع ہوجائیں گی۔‘‘ اس دوران بی جے پی کے رکن اسمبلی دیویندر کمار منیال نے جی ایم سی راجوری کے باہر احتجاج کرنے والے انٹرن ڈاکٹروں سے ملاقات کی۔ منیال نے یقین دلایا کہ وہ جموں و کشمیر اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں یہ مسئلہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا، ’’جو بچے ہمارے ڈاکٹر بننے والے ہیں، وہ ہمارا مستقبل ہیں، وہ ہمارے ملک کا مستقبل ہیں۔ ایسی نوبت نہیں آنی چاہیے کہ انہیں معمولی سے اسٹائپنڈ میں اضافے کے لیے ہڑتال کرنا پڑے۔‘‘
منیال نے کہا کہ جب وہ 1996 میں انٹرن تھے تو انہیں تقریباً 5,000 روپے اسٹائپنڈ ملتا تھا، جبکہ 30 سال بعد بھی انٹرن ڈاکٹروں کو صرف تقریباً 12,000 روپے مل رہے ہیں۔ ان کے مطابق یہ ایک جائز مطالبہ ہے اور اسے پورا کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا، ’’ہم یہاں ان بچوں کی حمایت میں آئے ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں اسٹائپنڈ بڑھانے کے اس مسئلے پر بحث کی جائے گی۔‘‘
بی جے پی رکن اسمبلی نے کہا کہ حکومت کو احتجاج کرنے والے میڈیکل طلبہ کے مطالبات تسلیم کر لینے چاہئیں۔ منیال نے کہا، ’’جموں و کشمیر کو چھوڑ کر تقریباً تمام ریاستیں انٹرن ڈاکٹروں کو 30,000 روپے سے زیادہ اسٹائپنڈ دیتی ہیں، لیکن جموں و کشمیر میں یہ رقم بہت کم ہے۔ ہم یہاں ان کی حمایت میں آئے ہیں، اس میں کوئی سیاست نہیں ہے۔ یہ ایک جائز اور حساس مسئلہ ہے۔ یہ ہمارے بچے ہیں، کل یہ ڈاکٹر بنیں گے اور ہماری خدمت کریں گے۔ میرا ماننا ہے کہ حکومت کو ان کا جائز مطالبہ تسلیم کرلینا چاہیے۔‘‘