راج ناتھ سنگھ کا پاکستان اور پی او کے پر بڑا بیان

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 29-05-2025
 راج ناتھ سنگھ کا پاکستان اور پی او کے پر بڑا بیان
راج ناتھ سنگھ کا پاکستان اور پی او کے پر بڑا بیان

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
جموں و کشمیر میں ہونے والے حالیہ دہشت گردانہ واقعے اور "آپریشن سیندور" کے بعد ملک کے وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے پاکستان کو لے کر بڑا بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اب پاکستان کو اس بات کا احساس ہو گیا ہے کہ اگر اس نے آئندہ دہشت گردانہ سرگرمیوں کو جاری رکھا تو اسے اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔
پاکستان کے زیرِ قبضہ کشمیر (پی او کے) کو لے کر وزیرِ دفاع نے کہا کہ وہ لوگ ہمارے اپنے ہیں، ہمارے ہی خاندان کا حصہ ہیں۔ وہ کسی نہ کسی دن ہندوستان کی مرکزی دھارے میں واپس لوٹ آئیں گے۔ دہلی میں منعقدہ سالانہ شکھر سمّیلن 2025 میں خطاب کرتے ہوئے وزیرِ دفاع نے کہا کہ قومی سلامتی میں وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ویژن کو آگے بڑھانے کے لیے "میک ان انڈیا" ایک ضروری پہلو ہے۔ اگر آج ہمارے پاس فوجی طاقت نہ ہوتی تو ہندوستانی افواج، پاکستان اور پی او کے میں جاری دہشت گردانہ سرگرمیوں کے خلاف مؤثر کارروائی نہ کر پاتیں۔
پی او کے کے عوام ہمارے اپنے ہیں، ہمارے خاندان کا حصہ ہیں۔
وزیرِ دفاع نے پی او کے پر کہا کہ آج پاکستان کو یہ احساس ہو گیا ہے کہ اُسے اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ ہم نے دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کی حکمتِ عملی اور ردِعمل دونوں کو ایک نیا روپ دیا ہے۔ ہم نے پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات اور بات چیت کے دائرے کو نئے سرے سے متعین کیا ہے۔ اب جب بھی بات چیت ہوگی، وہ صرف دہشت گردی اور پی او کے پر ہوگی۔ راج ناتھ سنگھ نے مزید کہا کہ میرا ماننا ہے کہ پاکستان کے قبضے والے کشمیر کے لوگ ہمارے اپنے ہیں، ہمارے خاندان کا حصہ ہیں۔ ہم ’ایک ہندوستان، شریشٹھ ہندوستان‘ کے عہد کے پابند ہیں اور ہمیں پورا یقین ہے کہ ہمارے وہ بھائی، جو آج جغرافیائی اور سیاسی طور پر ہم سے جدا ہو چکے ہیں، وہ بھی کسی نہ کسی دن ہندوستان کی مرکزی دھارے میں واپس آ جائیں گے۔
اسی مہینے 6 اور 7 مئی کی رات ہندوستانی فوج اور فضائیہ کی مشترکہ کارروائی "آپریشن سیندور" کے تحت پاکستان میں قائم 9 دہشت گرد ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گیا۔ جس کے بعد کچھ دنوں تک دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی برقرار رہی۔ تاہم 10 مئی کو دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کا اعلان ہو گیا۔
اس سے قبل 22 اپریل کو جموں و کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردوں نے 26 سیاحوں کو ہلاک کر دیا تھا، جس کے ردِعمل میں ہندوستان نے پاکستان میں واقع دہشت گرد ٹھکانوں کو تباہ کر دیا۔