نئی دہلی: نائب صدر جمہوریہ کے عہدے کے لیے مہاراشٹر کے گورنر سی پی رادھا کرشنن کو قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے امیدوار کے طور پر اعلان کیے جانے کے بعد وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے اتفاق رائے قائم کرنے کی تیاری تیز کر دی ہے اسی سلسلے میں مسٹر سنگھ نے اتوار کی رات کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے سے فون پر بات کی اور این ڈی اے امیدوار سی پی رادھا کرشنن کے لیے حمایت بھی طلب کی قابل ذکر ہے کہ این ڈی اے کی جانب سے نائب صدر کے انتخاب کے لیے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کو ذمہ داری سونپی گئی ہے، جبکہ مرکزی وزیر کرن رجیجو کو اس کا نمائندہ مقرر کیا گیا ہے۔
اتوار کو وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ ہوئی ، جس میں پارٹی صدر جے پی نڈا نے این ڈی اے امیدوار کے طور پر مسٹر رادھا کرشنن کے نام کا اعلان کیا۔ مسٹر رادھا کرشنن تمل ناڈو میں بی جے پی کے صدر رہ چکے ہیں اور گورنر کے طور پر ان کے پاس طویل انتظامی تجربہ ہے۔مسٹر جگدیپ دھنکھڑ کے نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد سے یہ عہدہ خالی ہے۔
نائب صدر کے عہدے کے لیے انتخاب 9 ستمبر کو ہوگا اور اسی دن ووٹوں کی گنتی بھی ہوگی۔ امیدوار کے ذریعے نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 21 اگست ہے جبکہ امیدوار 25 اگست تک اپنی نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔ نائب صدر کے انتخاب میں راجیہ سبھا کے 233 منتخب ارکان، راجیہ سبھا میں نامزد 12 ارکان اور لوک سبھا کے 543 ارکان ووٹ ڈال سکتے ہیں۔ اس طرح کل 788 لوگ ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔
بی جے پی صدر جے پی نڈا نے اتوار کو نائب صدر کے عہدے کے لیے مسٹر رادھا کرشنن کے نام کا اعلان کرتے ہوئے کہا:’’بی جے پی تمام اپوزیشن پارٹیوں سے بات کرکے بلامقابلہ انتخاب کروانے کی کوشش کرے گی۔ ان کی حمایت لے کر نائب صدر کا انتخاب بلامقابلہ کروانے کی کوشش کریں گے۔ ہم ان کے رابطے میں ہیں۔ ہمارے سینئر لیڈران ان کے رہنماؤں سے بات چیت کر رہے ہیں اور این ڈی اے کے تمام اتحادی ہمارے ساتھ ہیں۔