راجناتھ سنگھ نے پاکستان کو ڈمپر کہا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 22-08-2025
راجناتھ سنگھ نے پاکستان کو ڈمپر کہا
راجناتھ سنگھ نے پاکستان کو ڈمپر کہا

 



نئی دہلی: وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ نے جمعہ 22 اگست 2025 کو نئی دہلی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے آرمی چیف عاصم منیر کے حالیہ بیان پر طنز کیا۔ انہوں نے کہا کہ عاصم منیر کو ان کے بیان پر پاکستان کے اندر اور بیرونِ ملک خوب تنقید اور مذاق کا سامنا کرنا پڑا۔

راجناتھ سنگھ نے کہا: سب نے یہی کہا کہ اگر دو ملک ایک ہی وقت میں آزاد ہوئے اور ایک نے سخت محنت، درست پالیسیوں اور دور اندیشی سے فراری جیسی معیشت قائم کی، جبکہ دوسرا ابھی بھی ڈمپر کی حالت میں ہے، تو یہ ان کی اپنی ناکامی ہے۔ میں عاصم منیر کے بیان کو ان کا ایک اقرارِ جرم مانتا ہوں۔

وزیر دفاع نے مزید کہا: پاکستان کے فوجی سربراہ نے انجانے میں ایک ایسی قبائلی اور لٹیری ذہنیت کی طرف اشارہ کیا ہے، جس کا شکار پاکستان اپنے وجود کے آغاز سے رہا ہے۔ ہمیں پاکستانی فوج کے اس فریب کو توڑنا ہوگا۔ 'آپریشن سندور' کے بعد تو انہیں ایسا کوئی مغالطہ ہونا ہی نہیں چاہیے تھا۔ لیکن ہمیں یہ یقینی بنانا ہوگا کہ بھارت کی خوشحالی، ہماری ثقافت، ہماری اقتصادی ترقی، ہماری دفاعی صلاحیت اور قومی وقار کے لیے لڑنے کا جذبہ ہمیشہ مضبوط رہے۔ ہماری تہذیب میں لڑنے کا حوصلہ ہمیشہ زندہ رہنا چاہیے۔

راجناتھ سنگھ نے کہا: ہم ہمیشہ ایک ایسے عالمی نظام (ورلڈ آرڈر) کا خواب دیکھتے ہیں جہاں طاقت، ذمہ داری سے چلائی جائے، اس کا مقصد اجتماعی بھلائی ہو اور اقوام کے درمیان تعلقات میں شراکت داری فطری ہو۔ بھارتی طرزِ فکر عالمی نظام کو کسی تسلط کی دوڑ کے طور پر نہیں بلکہ سب کے لیے ہم آہنگی، عزت اور باہمی احترام کے سفر کے طور پر دیکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا: ہماری روایت میں طاقت کا معیار حکم چلانے کی صلاحیت نہیں بلکہ دیکھ بھال اور خدمت کرنے کی اہلیت ہے؛ تنگ مفادات کی تلاش نہیں بلکہ عالمی فلاح کے عزم میں پوشیدہ ہے۔ ہم صدیوں سے عالمی نظام کے حق میں ہیں، یہ ہمارے لیے کوئی نئی بات نہیں۔ آج کے وقت میں ایک اور ترجیح یہ ہے کہ ہم عالمی تنازعات اور مسائل پر مکالمہ کریں اور ان کا پرامن حل تلاش کریں۔

راجناتھ سنگھ نے یہ بھی کہا: ہمیں یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ موجودہ عالمی نظام نے کچھ ممالک کو بے پناہ خوشحالی دی ہے، جبکہ دنیا کی بڑی آبادی کو صرف عدم مساوات، عدم تحفظ اور غیر یقینی صورتحال دی ہے۔ اس نظام نے کئی تنازعات کو جنم دیا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہم ایک نئے، قواعد پر مبنی عالمی نظام کی تشکیل کریں ایسا نظام جس میں مساوات ہو، سب کے لیے یکساں مواقع ہوں، مقابلے کی جگہ تعاون ہو۔ میرا ماننا ہے کہ ایسا عالمی نظام صرف ہندوستان کی قیادت میں ہی ممکن ہے۔