راجیو شکلا بی سی سی آئی کے قائم مقام صدر بنے

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 29-08-2025
راجیو شکلا بی سی سی آئی کے قائم مقام صدر بنے
راجیو شکلا بی سی سی آئی کے قائم مقام صدر بنے

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
کرکٹ کے حلقوں سے بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ بی سی سی آئی کے صدر راجر بنی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ان کی جگہ راجیو شکلا کو نئی ذمہ داری دی گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اگلے انتخابات تک بی سی سی آئی کے صدر کی ذمہ داری راجیو شکلا کے ہاتھوں میں رہے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ بدھ (27 اگست) کو ایپکس کونسل کی میٹنگ ہوئی تھی، جہاں بطور صدر راجر بنی نہیں بلکہ راجیو شکلا نظر آئے تھے۔ اس خاص میٹنگ کا اہم مقصد ڈریم 11 کے معاہدے کے خاتمے اور اگلے اسپانسر کے امکانات پر بات چیت کرنا تھا۔
کیا ہے قانون؟
بی سی سی آئی کے آئین کے مطابق صدر کے عہدے پر موجود کسی بھی عہدیدار کو 70 سال کی عمر مکمل ہونے پر عہدہ چھوڑنا پڑتا ہے۔ راجر بنی کی پیدائش 19 جولائی 1955 کو کرناٹک کی راجدھانی بنگلور میں ہوئی تھی۔ موجودہ وقت میں وہ 70 سال اور 41 دن کے ہیں۔ ایسے میں قانون کے مطابق دیکھا جائے تو وہ صدر کے عہدے پر بنے رہنے کے اہل نہیں تھے۔
چھ مہینے تک صدر رہیں گے راجیو شکلا
راجر بنی کے جانے کے بعد اب راجیو شکلا تقریباً چھ مہینے تک صدر کے عہدے کا کام سنبھالیں گے۔ 65 سالہ شکلا 2020 سے بی سی سی آئی کے نائب صدر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
۔36ویں بی سی سی آئی صدر بنے تھے راجر بنی
راجر بنی نے 18 اکتوبر 2022 کو 36ویں بی سی سی آئی صدر کے طور پر حلف لیا تھا۔ ان سے پہلے یہ عہدہ سابق کپتان سورو گانگولی کے پاس تھا، جنہیں بلا مقابلہ صدر کے طور پر منتخب کیا گیا تھا۔