اودے پور واقعے: سیاحت پر اثر، سیاحوں نے کینسل کرائے ٹکٹ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 05-07-2022
 اودے پور واقعے: سیاحت پر اثر، سیاحوں نے کینسل کرائے ٹکٹ
اودے پور واقعے: سیاحت پر اثر، سیاحوں نے کینسل کرائے ٹکٹ

 

 

ادے پور: اسٹیک ہولڈرز نے دعویٰ کیا کہ ایک درزی کے بہیمانہ قتل کے نتیجے میں ادے پور میں اگلے دو مہینوں کے لیے آدھے سے زیادہ ہوٹل کی بکنگ منسوخ کر دی گئی ہے۔ یہ سیاحت کی صنعت کے لیے ایک بڑے دھچکے کے طور پر آیا ہے، جو شہر کے لوگوں کی اکثریت کے لیے ذریعہ معاش ہے۔

انہیں خدشہ ہے کہ اس واقعے سے، جس نے بڑے پیمانے پر شہر کی شبیہ کو گہرا نقصان پہنچایا ہے، ستمبر سے شروع ہونے والے سیاحتی سیزن پر منفی اثر ڈالے گا۔

سدرشن دیو سنگھ، سینئر نائب صدر ہوٹل ایسوسی ایشن آف ادے پور نے بتایاکہ “واقعہ اور کرفیو کے فوراً بعد مہمانوں نے ایڈوانس بکنگ منسوخ کرنا شروع کر دی ہے۔ میرے پاس جولائی اور اگست میں مانسون کے موسم کے دوران ویک اینڈ پر آنے والوں کی اچھی خاصی تعداد تھی، لیکن اگلے دو مہینوں کے لیے 50 فیصد سے زیادہ بکنگ پچھلے پانچ چھ دنوں میں منسوخ کر دی گئی ہیں،"۔

ادے پور میں کنہیا لال کے بہیمانہ قتل سے پورا ملک غصے میں ہے۔ جگہ جگہ مظاہرے ہو رہے ہیں لیکن اس میں سب سے بڑی بات یہ ہے کہ اس قتل عام کے بعد اب ادے پور کو روزانہ 15 کروڑ روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

اتنا ہی نہیں ملک اور دنیا میں پرسکون اور صاف ستھرے امیج کے لیے مشہور ادے پور کی شبیہ بھی داغدار ہوگئی ہے۔ اس داغ کو مٹانے کے لیے اب پولیس، انتظامیہ اور کاروباری دنیا سے وابستہ لوگ مسلسل کوششیں کر رہے ہیں۔

ہوٹل، ٹور اینڈ ٹریول ٹیکسی یونین کے کاروبار سے وابستہ لوگوں سے بات کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ لیک سٹی کو روزانہ تقریباً 15 کروڑ روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

اس کے پیچھے وجہ یہ ہے کہ ادے پور میں جون کے آخری ہفتے سے بکنگ شروع ہو جاتی ہے اور جولائی کے شروع سے ہی ہزاروں سیاح آنا شروع ہو جاتے ہیں، لیکن جولائی کا پہلا ویک اینڈ بالکل ویران تھا۔ جیسے سو فیصد بکنگ ہوئی تھی، جس میں سے صرف دس فیصد بکنگ ہوسکی، باقی سب نے بکنگ کینسل کردی، کیونکہ ہر کسی میں خوف کی فضا ہے۔

یہی نہیں، یہ امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ 10 تاریخ کو عید سے پہلے کوئی سیاح ادے پور آنا پسند نہیں کرے گا۔ جس کی وجہ سے اب دوسرا ہفتہ ویران ہو سکتا ہے۔ اس کے باوجود سیاحوں کو مسلسل بتایا جا رہا ہے کہ ادے پور میں امن کا ماحول ہے اور وہ یہاں آ سکتے ہیں۔

جنوبی راجستھان ہوٹل انسٹی ٹیوٹ کے سکریٹری راکیش چودھری نے بتایا کہ ہوٹلوں، سفر اور دیگر طریقوں سے روزانہ تقریباً 15 کروڑ کی آمدنی ہو رہی ہے۔

کیونکہ واقعے سے قبل روزانہ 3000 سے زائد سیاح آتے تھے، واقعہ ہوتے ہی سیاحوں کی تعداد صفر تک پہنچ گئی، جب کہ توقع کی جارہی تھی کہ جولائی میں سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔ 10 جولائی کے بعد سیاحوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔

ادے پور میں گزشتہ 4 دنوں سے مسلسل بارش ہو رہی ہے۔ اس کی وجہ سے ادے پور کی تمام پہاڑیوں کو ہریالی کی چادر نے ڈھانپ لیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جب تین سے چار بارشیں اچھی ہوں گی تو جھیلوں میں پانی کی آمد بھی شروع ہو سکتی ہے۔

اس کی وجہ سے ادے پور کی خوبصورتی جو گرمیوں میں کھو گئی تھی واپس آجائے گی۔ اس وجہ سے اس بات کا امکان ہے کہ 10 جولائی کے بعد سیاحوں کی آمد کی رفتار دوبارہ بڑھ سکتی ہے۔