راجستھان: خشک جھیل سے ممکنہ ڈائناسور کے فاسلز دریافت

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 21-08-2025
راجستھان: خشک جھیل سے ممکنہ ڈائناسور کے فاسلز دریافت
راجستھان: خشک جھیل سے ممکنہ ڈائناسور کے فاسلز دریافت

 



جیسلمیر: راجستھان کے ضلع جیسلمیر کے فتے گڑھ علاقے کے میگھا گاؤں میں ایک خشک جھیل کی صفائی اور گہری کھدائی کے دوران ممکنہ طور پر ڈائناسور کے فاسلز (جیواشم) دریافت ہوئے ہیں۔ یہ ہڈیاں، پتھروں میں بدل چکے ڈھانچے اور دیگر باقیات ایسی معلوم ہو رہی ہیں جو کروڑوں سال پرانے جانداروں سے تعلق رکھ سکتی ہیں۔ اگر ماہرین کی تحقیق سے ان کی تصدیق ہوتی ہے تو یہ جیسلمیر میں ڈائناسور فاسلز کی پانچویں اہم دریافت ہوگی۔

مقامی باشندے شیام سنگھ نے بتایا کہ جب وہ جھیل کی صفائی میں مصروف تھے تو انہیں کمر کی ہڈی جیسی ایک لمبی ساخت اور پتھروں پر چھاپ کی شکل میں کچھ باقیات دکھائی دیں۔ انہوں نے فوری طور پر انتظامیہ اور بھارتی آثارِ قدیمہ سروے (ASI) کو مطلع کیا۔ سب ڈویژنل مجسٹریٹ (SDM) اور محکمہ آثارِ قدیمہ کے افسران موقع پر پہنچے اور علاقے کا معائنہ کیا۔

ایک اور مقامی شخص، رام سنگھ بھاٹی کے مطابق، گاؤں والے جب صفائی کر رہے تھے تو انہیں لمبے لمبے ہڈیوں جیسے ڈھانچے اور پتھروں جیسے بن چکے باقیات ملے جو ڈائناسور کی ریڑھ کی ہڈی یا جسمانی ڈھانچے جیسے لگ رہے تھے۔ تصاویر کھینچ کر فوری طور پر ضلع انتظامیہ کو بھیجی گئیں۔ مقامی جیولوجسٹ (ماہرِ ارضیات) نارائن داس انکھیا نے بھی مقام کا دورہ کیا اور این ڈی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ یہ کافی حد تک ممکن ہے کہ یہ ڈائناسور کے فاسلز ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ باقیات کا سائز درمیانہ ہے اور ان پر کچھ ایسے آثار بھی دکھائی دیتے ہیں جو کسی پر دار (پَر والے) جاندار سے مشابہت رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق جیسلمیر کی چٹانیں تقریباً 18 کروڑ سال پرانی ہیں، جو جُوراسِک دور کی ہیں۔ اس لیے یہ علاقہ ڈائناسور کے دور کا ایک فعال حصہ ہو سکتا ہے۔ جیسلمیر میں اس سے قبل بھی ڈائناسور کے آثار مل چکے ہیں۔

پہلی بار تھیات گاؤں میں ہڈیوں کے فاسلز ملے تھے۔ بعد میں ڈائناسور کے قدموں کے نشانات (Footprints) اور 2023 میں انڈے بھی دریافت ہوئے تھے۔ اگر میگھا گاؤں کی حالیہ دریافت ڈائناسور سے جڑی ہوئی ثابت ہوتی ہے، تو یہ ضلع میں ڈائناسور سے متعلق پانچویں بڑی دریافت ہوگی۔ ضلع انتظامیہ نے فاسلز ملنے کے بعد جھیل کے علاقے کو سیل کر دیا ہے اور سیکیورٹی کا بندوبست بھی کیا گیا ہے۔

ماہرین کی ٹیم، خصوصاً جیولوجیکل سروے آف انڈیا (GSI)، موقع کا جائزہ لے گی اور سائنسی تجزیہ کے بعد ہی یہ طے کیا جا سکے گا کہ یہ واقعی ڈائناسور کے فاسلز ہیں یا کسی اور جاندار کی باقیات۔ ساتھ ہی، یہ بھی معلوم ہو سکے گا کہ یہ کس قسم کے ڈائناسور کے تھے۔ یہ دریافت نہ صرف سائنسی اعتبار سے اہم ہے بلکہ سیاحت اور تعلیمی تحقیق کے میدان میں بھی جیسلمیر کو عالمی سطح پر ممتاز مقام دلانے کا باعث بن سکتی ہے۔