راجستھان کی سیاست میں ہلچل: وسندھرا راجے کی موہن بھاگوت سے ملاقات

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 03-09-2025
راجستھان کی سیاست میں ہلچل: وسندھرا راجے کی موہن بھاگوت سے ملاقات
راجستھان کی سیاست میں ہلچل: وسندھرا راجے کی موہن بھاگوت سے ملاقات

 



جے پور: سابق وزیراعلیٰ وسندھرا راجے نے آج صبح آر ایس ایس کے سربراہ ڈاکٹر موہن بھاگوت سے ملاقات کی۔ راجے نے ڈاکٹر بھاگوت کے ساتھ تقریباً 20 منٹ تک گفتگو کی۔ بتایا جارہا ہے کہ اس ملاقات میں کئی اہم معاملات پر بات چیت ہوئی۔ بھاگوت سے ملاقات کے بعد سیاسی حلقوں میں ایک بار پھر ہلچل مچ گئی ہے۔

قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ دنوں دھولپور میں رام کتھا کے دوران وسندھرا راجے نے ونواس (جلاوطنی) کو لے کر ایک بیان دیا تھا اور پھر کل جودھپور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایشور پر پختہ یقین کے ساتھ کوئی بھی کام مکمل کیا جاسکتا ہے، چاہے دیر سے ہی کیوں نہ ہو...ان بیانات کے بعد ڈاکٹر بھاگوت کے ساتھ ان کی 20 منٹ کی ملاقات نے سیاسی فضاؤں میں یہ قیاس آرائیاں تیز کر دی ہیں کہ شاید راجے کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا نیا قومی صدر بنایا جائے۔

ذرائع کے مطابق راجے آر ایس ایس کی پہلی پسند ہیں۔ اگر انہیں پارٹی کا قومی صدر بنایا جاتا ہے تو وہ بی جے پی کی پہلی خاتون صدر ہوں گی۔ ادھر یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت ان دنوں 5 سے 7 ستمبر تک ہونے والی آل انڈیا کوآرڈینیشن میٹنگ کے لیے جودھپور کے دورے پر ہیں۔

بھاگوت سے ملاقات کے بعد وسندھرا راجے سیدھے سورسگار واقع بڑا رام دوارہ پہنچیں، جہاں انہوں نے رام سنیہی سنت رام پرساد جی کو سالگرہ کی مبارکباد دی اور ان کے ساتھ مذہبی گفتگو بھی کی۔ راجے نے اجیت بھون میں سب انسپکٹر بھرتی میں کامیاب امیدواروں سے بھی ملاقات کی اور انہیں ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔