راجستھان: شدید بارش، سیلاب جیسے حالات، فوج تعینات، ٹرینیں متاثر

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 23-08-2025
راجستھان: شدید بارش، سیلاب جیسے حالات، فوج تعینات، ٹرینیں متاثر
راجستھان: شدید بارش، سیلاب جیسے حالات، فوج تعینات، ٹرینیں متاثر

 



نئی دہلی:راجستھان کے مختلف اضلاع میں گزشتہ دو دن سے جاری موسلا دھار بارش نے تباہی مچا دی ہے۔ کوٹا، بونڈی اور سوائی مادھوپور سمیت کئی علاقوں میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے، جب کہ امدادی کارروائیوں کے لیے فوج، این ڈی آر ایف اور دیگر ایجنسیاں متحرک کر دی گئی ہیں۔

سروال ڈیم کے اوورفلو ہونے سے قریبی علاقوں میں خطرناک صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ سروال، دھنولی، کرموڑا، مچھّی پورہ اور شیشا سمیت متعدد دیہات مکمل طور پر زیرِ آب آ گئے ہیں، جہاں سینکڑوں مکانات پانی میں ڈوب چکے ہیں۔ لالسوٹ-کوٹا میگا ہائی وے پر کئی فٹ پانی بہنے سے ٹریفک مکمل طور پر بند ہو گیا ہے۔ کوٹا میں دیگود تحصیل کے نیمودا گاؤں میں جمعہ شام فوج کی 80 جوانوں پر مشتمل ٹیم نے امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے، جب کہ بارش سے متاثرہ علاقوں میں ضلع انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے۔ محکمہ موسمیات نے بھیلواڑا اور چتوڑگڑھ میں شدید بارش کا "ریڈ الرٹ" جاری کیا ہے۔ بونڈی، کوٹا، اودے پور، راجسمند اور دیگر اضلاع میں "اورینج الرٹ" جاری ہے۔ کئی علاقوں میں اسکول بند کر دیے گئے ہیں، جب کہ سڑکیں پانی میں تبدیل ہو کر سوئمنگ پول بن گئی ہیں۔

کوٹا کی سڑکوں پر لوگ تیراکی کرتے نظر آئے۔ سروال ڈیم میں تیز بہاؤ کے باعث 8 سے 10 افراد کو لے جانے والی ایک کشتی الٹ گئی، جس میں تین افراد کو بچا لیا گیا، باقی کی تلاش جاری ہے۔ چاکسو (جے پور) میں ایک دُلہا اور دلہن پانی میں بہہ گئے، شوہر کو بچا لیا گیا لیکن بیوی لاپتہ ہے۔ اجمیر میں ایک نوجوان سالگرہ مناتے ہوئے ڈیم میں ڈوب گیا۔

سوائی مادھوپور اسٹیشن پر ریل پٹریاں پانی میں ڈوب گئیں، جس کی وجہ سے تین ٹرینوں کو درمیان راستے میں روک دیا گیا۔ کوٹا بیراج کے تین دروازے پانی چھوڑنے کے لیے کھول دیے گئے ہیں۔ رنتھمبور ٹائیگر سفاری کو بھی حفاظتی اقدامات کے تحت عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے تمام متعلقہ اضلاع کے کلکٹروں سے بات کی اور امدادی کارروائیوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف اور پولیس کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی، جب کہ وزیرِ آفاتِ سماوی ڈاکٹر کروری لال مینا اور وزیرِ مملکت ہیرالال ناگر کو موقع پر بھیجا گیا ہے تاکہ حالات کا زمینی جائزہ لیا جا سکے۔