راجستھان : رتن گڑھ میں لڑاکا طیارہ گر کر تباہ، علاقے میں شدید ہلچل

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 09-07-2025
راجستھان : رتن گڑھ میں لڑاکا طیارہ گر کر تباہ، علاقے میں شدید ہلچل
راجستھان : رتن گڑھ میں لڑاکا طیارہ گر کر تباہ، علاقے میں شدید ہلچل

 



جے پور: راجستھان کے رتن گڑھ علاقے میں ایک فائٹر جیٹ طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، طیارہ راجلدیسر کے قریب گر کر تباہ ہوا۔ پولیس اور انتظامیہ کی ٹیمیں اطلاع ملتے ہی جائے حادثہ کی جانب روانہ ہو گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق اس حادثے میں پائلٹ کی موت ہوگئی ہے۔

مقامی عینی شاہدین کے مطابق، اچانک آسمان میں ایک زور دار آواز سنائی دی، جس کے بعد کھیتوں میں آگ کے شعلے اور گھنا دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔ گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ طیارہ زمین سے ٹکرانے کے فوراً بعد کھیتوں میں آگ لگ گئی تھی۔ حادثے کی خبر جیسے ہی پھیلی، رتن گڑھ اور اطراف کے علاقوں میں افراتفری مچ گئی۔ ضلع کلیکٹر ابھیشیک سورانا اور مقامی پولیس افسران جائے وقوعہ کے لیے روانہ ہو گئے۔

جائے حادثہ پر لڑاکا طیارے کا ملبہ بکھرا ہوا ہے۔ فوج کی ریسکیو ٹیم بھی جلد موقع پر پہنچنے والی ہے تاکہ علاقے کو سیل کر کے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کیا جا سکے۔ مقامی افراد نے بتایا کہ انہوں نے اپنی کوششوں سے کھیتوں میں لگی آگ بجھانے کی کوشش کی۔

حکام کی جانب سے جلد تفصیلی رپورٹ جاری کیے جانے کی امید ہے۔ یہ واقعہ ایک بار پھر ہندوستان کے لڑاکا طیاروں کی تکنیکی حالت، دیکھ بھال اور محفوظ اڑان سے متعلق سوالات کو جنم دیتا ہے۔ یہ دیکھنا باقی ہے کہ ابتدائی تحقیق میں حادثے کی اصل وجہ کیا سامنے آتی ہے۔