راجستھان: کسانوں کا احتجاج، گندم کی سرکاری خرید میں بے ضابطگیوں کا الزام

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 06-06-2026
راجستھان: کسانوں کا احتجاج، گندم کی سرکاری خرید میں بے ضابطگیوں کا الزام
راجستھان: کسانوں کا احتجاج، گندم کی سرکاری خرید میں بے ضابطگیوں کا الزام

 



جے پور: راجستھان کے ضلع سری گنگانگر میں ہفتہ کے روز سیکڑوں کسانوں نے کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) پر گندم کی ناکافی خرید اور خریداری کے عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج کیا۔ کسانوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت گندم کی سرکاری خرید کا کوٹہ بڑھائے اور ان کسانوں کو ترجیح دے جنہوں نے پہلے ہی خریداری کے عمل کے لیے رجسٹریشن کرا رکھا ہے۔

احتجاج کرنے والے کسانوں نے خریداری، وزن اور ادائیگی کے نظام میں شفافیت کو یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔ کسان ٹریکٹروں کے قافلے کی صورت میں گنگا سنگھ چوک پہنچے اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے۔ پولیس نے احتجاجی مقام کے اطراف رکاوٹیں کھڑی کر دیں اور کسانوں کو کلکٹریٹ کی جانب بڑھنے سے روک دیا، جس کے باعث کچھ دیر کے لیے کشیدگی پیدا ہوئی۔

تاہم کسان رہنماؤں اور انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کے بعد صورتحال پرامن ہو گئی۔ اس سے قبل کسانوں نے گردوارہ سنگھ سبھا میں ایک اجلاس منعقد کیا، جس میں احتجاج کی حکمت عملی طے کی گئی۔ کسان رہنما سندیپ سنگھ نے الزام لگایا کہ ایم ایس پی پر گندم کی خریداری میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں ہو رہی ہیں اور متعدد احتجاجوں کے باوجود ان کے مطالبات پر کوئی خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی۔

واضح رہے کہ کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) ایک ایسا نظام ہے جس کے تحت حکومت مخصوص فصلیں کسانوں سے مقررہ قیمت پر خریدتی ہے تاکہ انہیں منڈی میں قیمتوں میں کمی سے تحفظ فراہم کیا جا سکے اور زرعی پیداوار کی حوصلہ افزائی ہو۔