میگھالیہ / آواز دی وائس
میگھالیہ پولیس نے اندور کے مشہور سونم۔راجا رگھونشی قتل کیس میں چارج شیٹ داخل کر دی ہے۔ ایسٹ خاصی ہلز پولیس نے چارج شیٹ میں کہا ہے کہ راجا رگھونشی کا قتل ان کی اہلیہ سونم رگھونشی کی موجودگی میں ہوا تھا۔ پولیس نے کل 790 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ عدالت میں پیش کی ہے۔
پولیس کے مطابق، راجا رگھونشی کے قتل کی سازش سونم اور اس کے عاشق راج کُشواہا نے مل کر رچی تھی۔ 11 مئی کو شادی کے بعد 21 مئی کو راجا اور سونم ہنی مون منانے شیلانگ پہنچے تھے۔ 23 مئی کو ان کی آخری بار اپنے اہلِ خانہ سے بات ہوئی تھی۔ 2 جون کو راجا کی لاش ایک گہری کھائی سے ملی۔ اس کے بعد سونم لاپتہ ہو گئی تھی اور 9 جون کو اتر پردیش کے غازی پور میں سڑک کنارے ایک ڈھابے پر ملی۔ اسے گرفتار کر کے شیلانگ لایا گیا، جس کے بعد باقی ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔ یہ معاملہ اس وقت بہت چرچا میں رہا۔
چارج شیٹ میں کیا ہے؟
میگھالیہ پولیس نے سہرا سب ڈویژن کورٹ میں چارج شیٹ داخل کی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ راجا کے قتل کی سازش کیسے رچی گئی اور واردات کو کیسے انجام دیا گیا۔
چوتھی کوشش میں ہوا قتل : پولیس
ایس آئی ٹی کی تفتیش میں سامنے آیا کہ سونم کا راج کُشواہا سے عشق تھا۔ اسی نے سونم کے ساتھ مل کر راجا کو مارنے کی سازش کی اور تین سپاری کلرز کو ہائر کیا۔ پولیس نے چارج شیٹ میں کہا ہے کہ راجا رگھونشی کو آکاش سنگھ راجپوت، وِشال سنگھ چوہان اور آنند کُرمی نے قتل کیا اور یہ قتل سونم رگھونشی کی موجودگی میں ہوا۔
وِشال نے کلہاڑی سے کیا پہلا حملہ
پولیس نے بتایا کہ وِشال سنگھ چوہان نے سب سے پہلے راجا پر کلہاڑی (مقامی زبان میں "داؤ") سے حملہ کیا۔ اس وقت سونم موقع پر موجود تھی۔ جیسے ہی راجا زخمی ہو کر تڑپنے لگا، سونم وہاں سے بھاگ گئی اور اس وقت واپس آئی جب راجا کی موت ہو چکی تھی۔ پولیس کو دوسرا چاقو بھی اسی کھائی میں ملا جہاں لاش پھینکی گئی تھی۔ ایک سفید شرٹ بھی برآمد ہوئی جو آکاش راجپوت کی تھی۔
میگھالیہ پولیس کے پاس ثبوت
پولیس نے کہا ہے کہ اس کے پاس قتل میں استعمال ہونے والے ہتھیار، خون سے لتھڑے کپڑے، ہوٹل سے ملے سامان، سی سی ٹی وی فوٹیج اور گائیڈ سمیت کئی لوگوں کے بیانات ثبوت کے طور پر موجود ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ ہوٹل سے سونم کا منگل سوتر اور بچھیا بھی ملی ہے۔
پولیس نے کہا کہ طویل تفتیش اور ثبوتوں کی بنیاد پر یہ ثابت ہوتا ہے کہ سونم کا راج کُشواہا کے ساتھ تعلق تھا۔ راج کُشواہا نے سونم اور تین حملہ آوروں کے ساتھ مل کر ہنی مون کے بہانے راجا رگھونشی کے قتل کی سازش رچی تھی۔
ادھر ملزمان کی طرف سے کہا گیا ہے کہ انہیں ابھی تک چارج شیٹ داخل ہونے کی اطلاع نہیں دی گئی ہے۔